کپوارہ: سرحدی ضلع کپوارہ کے کرناہ سیکٹر میں اتوار کی شب ہند پاک افواج کے درمیان گولی باری کا تبادلہ ہوا ،جس دوران پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری کی موت ہوگئی.
اطلاعات کے مطابق زیارت پوسٹ کے مقام پر ہند پاک افواج کے درمیان گولی باری کا تبادلہ ہوا.دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے بلا اشتعال زیارت پوسٹ کرناہ کپوارہ کے مقام پر لائن آف کنٹرول پر اتوار کی شب 8 بجے فائرنگ کی ،جس کا معقول جواب دیا گیا .
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں ،جس کا مقصد مسلح جنگجوئوں کو اس طرف دھکیلنا ہوتا ہے .
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ اس طرف کسی طرح کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ،ادھر پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی زیر انتظام کشمیر کا ایک شہری ہلاک ہوا .
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ضلع بھمبر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔
حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کی گئی اور بھارتی فوج نے جنوبی بھمبر کے علاقے میں مارٹر شیل فائر کیے، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) بھمبر چوہدری ذوالقرنین سرفراز کا کہنا تھا کہ ’بھارتی فوج نے جنوبی بھمبر کے سماہنی سیکٹر کے گاؤں سرائے سعدآباد میں شیل فائر کیا جو گھر کے صحن میں شیل آکر گرا، جس کے نتیجے میں 51 سالہ گفتار حسین موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ گھر کے دیگر افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے‘۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب بلااشتعال فائرنگ ’ جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے‘۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر خنجر سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 51 سالہ گفتار حسین جاں بحق ہوا جو جمڑا گاؤں کا رہائشی تھا۔
خیال رہے کہ جس علاقے میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، پاک فوج اس علاقے کو خنجر سیکٹر کے نام سے موسوم کرتی ہے۔
واضح رہے کہ نومبر 2003 میں پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان لائن آف کنٹرول پر ایک جنگ بندی کا تاریخی معاہدہ ہوا تھا۔
Comments are closed.