ٹنگمرگ :نوجوان کا قتل ،معمہ حل ،دو ملزمان گرفتار :پولیس

سرینگر: پولیس نے اندھے قتل معمہ کو حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے دو ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی ،جنہوں نے دوران تفتیش نوجوان کو قتل کرنے کا اقبال جرم کیا .

اس ضمن میں پولیس ترجمان نے جو تفصیلات فراہم کیں ،اُنکے مطابق 26اگست 2018کے روز عبدالمجید تیلی ساکنہ ریشی پورہ کھار پورہ بالا ٹنگمرگ نے پولیس اسٹیشن میں تحریری طورپر شکایت درج کی کہ اُس کا بیٹا 25سالہ معراج الدین تیلی 24اگست سے لاپتہ ہو گیا ہے۔

پولیس نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے گمشدہ نوجوان کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ۔ تفتیش کے دوران پولیس نے چند مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن طلب کیاگیا.

جس دوران ارشاد احمد وانی ولد غلام محی الدین اور امتیاز احمد وانی ولد غلام رسول ساکنان ریشی پورہ کھار پورہ بالا ٹنگمرگ نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ہی معراج الدین کا قتل کرکے مذکورہ نوجوان کی نعش کو بردار نالہ کے نزدیک سپرد خاک کیا ۔

چنانچہ پولیس نے مجسٹریٹ، طبی اور فارینسک ماہرین کی موجودگی میں قبر کشائی کرکے نعش کو برآمد کیا ۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر 75/2018زیر دفعہ 302آر پی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔

قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت ورثا کے حوالے کی گئی اور اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے۔

Comments are closed.