بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات، 20ہزار پیرا ملٹری فورسز اہلکاروںکی تعیناتی کا فیصلہ

سرینگر:: ریاست جموں وکشمیر میں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے پُر امن انعقاد کیلئے مرکزی وزارت داخلہ نے 20ہزار پیرا ملٹری فورسزاہلکاروں کی تعیناتی کو منظوری دی ہے۔ امر ناتھ یاترا کے دوران تعینات 202کمپنیوں کو سرینگر، بڈگام ، گاندربل ، بارہ مولہ ، سوپور ، کپواڑہ ، بانڈی پورہ ، شوپیاں اور اونتی پورہ میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں کے دوران پنچایت اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے باضابط طورپر نوٹیفکیشن جاری کی جار ہی ہے اور اس سلسلے میں ایک کڑی کے تحت ہی ریاست کے نو منتخب گورنر نے نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بھی ملاقات کی ۔

وزارت داخلہ کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے 202کمپنیوں کو تعینات کیا گیا تھا اور مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پنچایت اور بلدیاتی انتخابات کے دوران مذکورہ کمپنیوں کو حساس علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔

سینئر آفیسر کے مطابق الیکشن تاریخوں کا اعلان ہوتے ہوئے مزید کمپنیوں کی تعیناتی کے بارے میں بھی فیصلہ لیا جائے گا جبکہ جموںوکشمیر پولیس کے اہلکاروں کو بھی پنچایت الیکشن کے دوران مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پنچایت الیکشن ستمبر کے مہینے میں ہونے جار ہے ہیں اور اس سلسلے میں چیف الیکٹورل آفیسر نے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی ہے۔

Comments are closed.