سرینگر (پی آر) لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سینئر جرنلسٹ، قلم کار اور انسانی حقوق کے تحفظ کےلئے کام کرنے والی شخصیت جناب کل دیپ نیر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جو کل دہلی میں فوت ہوگئے ہیں۔
کل دیپ نیر کو قلم کا بہادر سپاہی اور انسانی حقوق کے تحفظ کےلئے کام کرنے والا بے لوث انسان قرار دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ کل دیپ نیر کی وفات ان کےلئے ایک ذاتی صدمہ ہے کیونکہ وہ ان کےلئے ایک دوست اور رفیق تھے اورہمیشہ انسانوں کے حقوق کے تحفظ اور مظلوم و غریبوں کی مدد و نصرت کےلئے تیار رہتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کل دیپ نیر کشمیرمیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف بھی بولتے اور لکھتے رہتے تھے اور جموں کشمیر میں اس حوالے سے ان کی کاوشیں قابل قدر نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔
کل دیپ نیر جی کے غم زدہ خاندان اور دوستوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ کل دیپ نیر مظلوموں کےلئے اپنا قلم اور کاوشیں استعمال کرتے رہتے تھے اسلئے وہ ہمیشہ مظلوموں اور غریبوں کے دلوں میں بستے رہیں گے اور موجود رہیں گے۔
بیان کے مطابق لبریشن فرنٹ چیئرمین نے امسال عید الاضحی کی نماز جناب صاحب صورہ میں ادا کی جہاں انہوں نے ہزاروں لوگوں سے خطاب بھی کیا۔اپنے خطاب میںمحمد یاسین ملک نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ اس سرزمین کی خصوصی حیثیت اور امتیازی پوزیشن یعنی اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کے تحفظ کےلئے ہمیشہ تیار ہیں اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ سبجیکٹ قانون ہماری آزادی اور ہمارے حق خودرادیت کا ضامن نیز ہماری خصوصی شان اور امتیازی حیثیت کا ترجمان ہے اسلئے ہر جموں کشمیر باسی پر فرض عائد ہوتا ہے کہ اس کے تحفظ کےلئے جدوجہد کرے۔
انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کے دفاع کےلئے ایک ہیں اور ہمارا یہ اتحاد و اتفاق بہر صورت وقت کا اہم ترین تقاضہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی خصوصی حیثیت کے تحفظ کےلئے اگر کشمیریوں کو اپنا لہو بھی بہانا پڑے گا تو بھی وہ اس سے گریز نہیں کریں گے اور ہر قیمت پر اس قانون کا دفاع کیا جاتا رہے گا۔اتحاد و اتفاق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ عید قربان ہمیں حق کی خاطر قربانی کا درس دیتا ہے اسلئے ہمیں آج کے دن ایک اللہ پر توکل اور بھروسہ رکھنے نیز اس کے پیغمبر آخر زمان ﷺ پر ایمان لاتے ہوئے قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگیاں گزارتے رہنے کاعہد کرلینا چاہئے۔ جیلوں میں مقید کشمیریوں کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ پوری قوم اپنے اس بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور سلام پیش کرتی ہے۔
لبریشن فرنٹ کے ضلع صدور بشیر احمد راتھر(بویا) جاوید احمد بٹ،سید نثار جیلانی اور سینئر رکن پروفیسر جاوید وغیرہ نے بھی کئی مقامات پر عید کے اجتماعات سے خطاب کیا۔ آج لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے بنڈ لال چوک پر قائم مسجد امام زمان کے متصل ‘ اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کے ساتھ چھیڑچھاڑ کے خلاف ایک ذبردست احتجاجی مظاہرے میں بھی شرکت کی۔محمد یاسین ملک نے اس موقع پر مظاہرین سے خطاب بھی کیا اور اسٹیٹ سبجیکٹ قانوں کے تحفظ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
Comments are closed.