عمران خان پہلی مرتبہ دفتر خارجہ پہنچ گئے، مختلف خارجہ امور پر بریفنگ

اسلام آباد: وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمران خان پہلی مرتبہ دفتر خارجہ پہنچ گئے۔

وزیراعظم کی دفتر خارجہ آمد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں اہم اجلاس ہوا۔

جس میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے وزیراعظم عمران خان کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات، خارجہ پالیسی اور علاقائی وعالمی مسائل پر پاکستان کے مؤقف پر بریفنگ دی۔

رپورٹس کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے وزارت خارجہ کی تشکیل، اسٹرکچر اور ورکنگ پر بھی بریفنگ دی۔

اس سے قبل ملک کے سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو دفتر خارجہ کے مختلف امور اور بیرون ملک تعینات پاکستانی سفارتکاروں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

بعد ازاں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کی دفتر خارجہ آمد سے متعلق ویڈیو بھی شیئر کی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج (جمعہ) کو اسلام آباد میں قائم وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں زندگی کے مختلف شعبوں کے حوالے سے نئی حکومت کی مستقبل کی حکمت عملی کاجائزہ لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کا ایک ہفتے میں یہ دوسرا اجلاس ہے جبکہ ڈان نیوز کو حاصل ہونے والی ایجنڈے کی کاپی کے مطابق آج کے اجلاس میں وفاقی کابینہ میں بڑے فیصلے متوقع ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں ہفتے کی چھٹی ختم کرنے پر غور متوقع ہے، اس کے علاوہ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر صفائی مہم کا آغاز بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

Comments are closed.