حساس علاقوں میں فورسز اہلکاروں کی تعیناتی ،معمولات زندگی متاثر
کپوارہ ،سوپور :: شمالی کشمیر کے خمریال کپوارہ اور درسو سوپور میں دو خونین معرکہ آرائیوں میں جاں بحق 4مقامی جنگجو نوجوانوں کی یاد میں ہفتہ کو کپوارہ اور سوپور کے بیشتر علاقوں میں تعزیتی ہڑتال رہی ۔
ہڑتال کے نتیجے میں کپوارہ اور سوپور کے درجنوں علاقوں میں دکانات ،کاروباری ادارے ،تجارتی مراکز بند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا ۔اس دوران کپوارہ اور سوپور میں انتظامیہ کی ہدایت احتیاطی اقدامات اور ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر تعلیمی ادارے مقفل رہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سرحدی ضلع کپوارہ ترہگام ،کپوارہ ،لولاب اور دیگر علاقوں میں ہڑتال کے باعث معمو لات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئیں ۔اس دوران قصبہ کپوارہ میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش پابندیاں اور بندشیں عائد رہیں ۔
قصبہ میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کےلئے قصبہ میں پولیس وفورسز کے اضافی اہلکاروں کو تیاری کی حالت میں تعینات کیا گیا ۔یاد رہے کہ 2اگست خمریال کپوارہ میں شوٹ آﺅٹ کے دوران 2مقامی حزب المجاہدین جنگجو ظہور احمد اور بلال احمد شاہ ساکنہ شاٹھ مقام کپوارہ جاں بحق ہوئے تھے ۔
پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا تھا’ بعد دوپہر سیکورٹی فورسز نے خمریال میں ناکہ لگایا اور گاڑیوں کی تلاشی لی اس دوران جنگجوﺅں نے ناکہ پارٹی پر فائرنگ شروع کی۔ پولیس اہلکاروں نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی جس دوران دو عساکر کو ہلاک کیا گیا۔
مہلوک عساکر کی شناخت بلال احمد شاہ ساکنہ شاٹھ مقام اور ظہور احمد لولاب کے بطور ہوئی ہے۔ جاں بحق دونوں جنگجو حزب المجاہدین کیلئے کام کر رہے تھے اور وہ سیکورٹی فورسز پر حملوں اور عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث تھے۔‘
ادھر شمالی قصبہ سوپور میں بھی 2مقامی جاں بحق نوجوانوں کی یاد میں ہڑتال رہی ۔قصبہ سوپور اور اسکے مضافاتی علاقوں دکانات ،کاروباری ادارے اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا ۔
قصبہ میں احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے ۔یہاں بھی انتظامیہ کی ہدایت اسکول بند رہے ۔یاد رہے کہ درسو سوپور وترگام میں ایک خونین معرکہ آرائی میں دو مقامی جنگجو نوجوان ریاض احمد ڈار ولد محمد اکبر ساکنہ نصیر آباد سوپور اور خورشید احمد ملک ساکنہ غلام نبی ملک ساکنہ آری بل نکاس پلوامہ جا ں بحق ہوئے تھے جبکہ معرکہ آرائی کے دوران فوجی اہلکار وجے کماربھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا ۔
اس معرکہ آرائی میں فوجی اہلکارسپاہی تنجیت اور ایس او جی اہلکار عرفان احمد وانی زخمی ہوئے تھے ۔یہ جھڑپ 3اگست کو ہوئی تھی ۔جاں بحق جنگجو خورشید کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ بی ٹیک کا طالب علم تھا .وہ منگلوار سے لاپتہ تھا جبکہ ریاض نے جولائی2018 میں جنگجوﺅں کے صف میں شمولیت اختیار کی تھی۔
Comments are closed.