شوپیان میں الرٹ جاری ،مفرورقیدی کی تلاش شروع
شوپیان:٢٥،جولائی/: جنوبی ضلع شوپیان میں بدھ کو پولیس حراست ایک قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوا ہے ،جسے تلاش کرنے کی غرض سے پولیس نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ۔بتایا جاتا ہے کہ مفرور قیدی جاں بحق جنگجو کا بھائی ہے جسے ایک شہری کی ہلاکت کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق شوپیان میں 10روز قبل شہری کی ہلاکت کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ایک نوجوان قیدی بدھ کو فرار ہونے میں کامیاب ہوا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سہیل احمد وانی جوکہ جاں بحق حزب المجاہدین جنگجو نثار احمد وانی ساکنہ ہف شوپیان کا بھائی ہے ،زینہ پورہ شوپیان پولیس تھانے سے فرار ہوگیا ۔بتایا جاتا ہے کہ سہیل کو دو دیگر افراد شاکر احمد پڈر ساکنہ ہف شوپیان (بھائی جاں بحق جنگجو کمانڈر صدام پڈر ) اور سہیل احمد شیخ کے ساتھ حراست میں لیا تھا ۔ رپورٹس کے مطابق سہیل احمد شیخ،شاکر احمد پڈر اور سہیل احمد وانی کو ایس اوجی زینہ پورہ نے طا رق احمد موہند نامی شہری کی ہلاکت کے سلسلے میں15جولائی کو حراست میں لیا تھا ۔طارق احمد نامی شہری تشدد زدہ نعش کو 9جولائی کو برآمد کی گئی تھی ۔اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر36/2018زیر دفعات 302،364اور7/25کے تحت زینہ پورہ پولیس تھانے میں کیس درج کیا تھا ۔مفرور قیدی کو تلاش کرنے کی غرض سے پولیس نے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کردی ۔
Comments are closed.