پولیس ،فوج وفورسز کے اعلیٰ حکام کی دوسری اہم جائزہ میٹنگ

مستقبل کی سیکورٹی حکمت ِ عملی مرتب
آپریشن آل آئوٹ جاری رکھنے پر اتفاق ،جانی نقصان سے بچنے کیلئے تدا بیر

شوپیان:٢٥،جولائی:کے این این/ کولگام کے بعد ضلع پولیس لائنز شوپیان میں پولیس ،فوج وفورسز کے اعلیٰ حکام کے درمیان ایک غیر معمولی سیکورٹی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں کشمیر وادی کی مجموعی سیکورٹی صورتحال ،جنگجویانہ حملوں ،آپریشن آل آئوٹ اور دیگر سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔کے این این کے مطابق ضلع پولیس لائنز شوپیان میں بدھ کو پولیس ،فوج اور فورسز کے اعلیٰ حکام کے درمیان ایک غیر معمولی میٹنگ منعقد ہوئی ۔اس غیر معمولی سیکورٹی میٹنگ میں 15کور کمانڈر لفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ ،ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید ،جی او سی وکٹر فورس اور آئی جی پی کشمیر زون کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس ،فوج وفورسز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔اس غیر معمولی میٹنگ میں وادی کشمیر میںمستقبل کے حوالے سے سیکیورٹی حکمت عملی مرتب کی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ غیر معمولی میٹنگ کے دوران وادی کشمیر میں جاری جنگجو مخالف آپریشنز ،مجموعی سیکورٹی صورتحال ،جنگجویانہ حملوں ،آپریشن آل آئوٹ اور دیگر سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ اس میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کرلیا گیا کہ کشمیر وادی میں ملی ٹنسی مخالف آپریشنز کو جاری رکھا جائیگا اور اس میں شدت بھی لائی جائیگی ۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے درمیان تال میل کو بہتر سے بہتر بنانے اور ملی ٹنسی مخالف سیکورٹی گریڈ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے جہاں ایک حکمت عملی ترتیب دی گئی ،وہیں جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران جانی نقصان سے محفوظ رہنے کیلئے افسران سے جانکاری حاصل کی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ اس غیر معمولی سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران فورسز اور عام شہریوں کے جانی نقصان سے بچنے کیلئے خاص توجہ مرکوز کی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ اس جائزہ میٹنگ میں نوجوانوں کو مثبت سر گرمیوں کی جانب راغب کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ،تاکہ نوجوانوں میں بڑھتے جنگجوئیت کے رجحان کو کم کیا جاسکے یا روکا جاسکے ۔اس موقعہ پر پولیس ،فوج اور فورسز کے افسران نے اپنے اعلیٰ حکام کو کشمیر وادی کی مجموعی سیکورٹی صورتحال، زمینی سطح پر امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات ،فورسز کو درپیش مسائل اور ملی ٹنسی مخالف کارروائیوں کے بارے میں جانکاری دی ۔15کور کے کمانڈر اے کے بھٹ اور ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے اپنے ماتحت افسران پر زور دیا کہ وہ چوکسی کو مزید مستحکم کریں ۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ جنگجو یانہ حملوں کے بڑھتے واقعات ،حملوں کو روکنے کیلئے مئوثر طریقے سے اقدامات اٹھائے جائیں ایسے واقعات کا تدارک کرنے کیلئے بہتر تال میل کو بھی یقینی بنایا جائے ۔فوج وپولیس کے اعلیٰ حکام نے افسران پر زوردیا کہ وہ جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران عوام کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائیں ۔یاد رہے کہ 17جولائی کو پولیس لائنز کولگام میں کشمیری نوجوانوں کو ملی ٹنٹ بھرتی سے روکنے کیلئے پولیس اور فوج کے اعلیٰ حکام کے درمیان ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا ، جبکہ اجلاس میںکشمیر کی موجودہ مجموعی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس غیر معمولی نوعیت کے اجلاس میں جنگجومخالف آپریشن کے دوران شہری ہلاکتوں کے سلسلے کو روکنے کیلئے ایک نیا لائحہ عمل مرتب کیا گیا ۔15کور کے کمانڈر لفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ نے کہا ’اس اجلاس کا مقصد کشمیری نوجوانوں کو ملی ٹنٹ بھرتی سے روکنا تھا ‘۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر شیش پال ویدنے کہا کہ اجلاس میں زمینی سطح پر کام کرنے والے افسران کے ساتھ سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

Comments are closed.