جنوبی کشمیر میں جنگجوؤں کے حملے میں ایک افسر سمیت 2 سی آر پی ایف اہلکار ہلاک

سری نگر ، 13 جولائی: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے اچھہ بل میں جمعہ کے روز جنگجوؤں نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک روڑ اوپننگ پر حملہ کرکے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت 2 سی آر پی ایف اہلکاروں کو ہلاک جبکہ دو دیگر کو زخمی کردیا۔ زخمیوں میں ایک عام شہری بھی شامل ہے۔ اننت ناگ پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’اچھہ بل میں 96 بٹالین سی آر پی ایف کی ایک روڑ اوپننگ پارٹی پر جنگجوؤں کی طرف سے حملہ کیا گیا۔ حملے میں تین سی آر پی ایف اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوئے۔ دو سی آر پی ایف اہلکار اسپتال لے جانے کے دوران دم توڑ گئے‘۔ کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر کہا ’گاڑی میں سوار جنگجوؤں نے اچھہ بل میں تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ اس حملے میں تین سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے دو اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ حملے میں ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے۔ ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے‘۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ’جمعہ کی صبح قریب گیارہ بجے نجی گاڑی میں سوار جنگجوؤں کے ایک گروپ نے سی آر پی ایف اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی‘۔ انہوں نے بتایا ’اس میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوا۔ زخمیوں کو اچھہ بل اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک اے ایس آئی سمیت دو سی آر پی ایف اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے تیسرے سی آر پی ایف اہلکار کو علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے زخمی شہری کی شناخت غلام رسول کی حیثیت سے کی ہے۔
یو این آئی

Comments are closed.