یوم آزادی کے موقع پر کشمیر میں ریل خدمات معطل

سری نگر ، 15اگست : وادی کشمیر میں یوم آزادی کے موقع پر بدھ کے روز ریل خدمات معطل رکھی گئیں۔
ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’وادی کشمیر میں یوم آزادی کے موقع پر ریل خدمات کو معطل کیا گیا ہے‘۔ انہوں نے بتایا ’ یہ سروس سیکورٹی وجوہات کی بناء پر معطل کی گئی ہے‘۔ مذکورہ ریلوے عہدیدار نے بتایا ’ ہمیں پولیس کی جانب سے گذشتہ شام ایک ایڈوائزری موصول ہوئی جس میں کشمیر میں بدھ کو 15 اگست کے موقع پر تمام ٹرینیں منسوخ رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔ اس ایڈوائزری پر ہم نے آج عمل درآمد کرتے ہوئے وسطی کشمیر کے بڈگام سے جموں خطہ کے بانہال اور بڈگام سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان ریل سروس کو معطل رکھا‘۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ریل سروس کو بحال کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ کشمیری مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے گذشتہ روز اپنے ایک مشترکہ بیان میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے اس دن کے موقع پر مکمل ہڑتال کی کال دی۔
یو این آئی

Comments are closed.