
سری نگر، 29 فروری: سری نگر کے ٹی آر سی گرائونڈ میں ہفتہ کے روز قومی سطح کے فٹ بال ٹورنامنٹ ہیرو آئی لیگ سیشن 2019-20 میں میزبان ٹیم ریئل کشمیر اور ایزوال کے درمیان کھیلا گیا میچ موخر الذکر ٹیم کی میچ کے آخری مرحلے میں کھیل کے شاندار مظاہرے سے دو –دو گول کی برابری پر ختم ہوا۔قبل ازیں رئیل کشمیر نے 24 فروری کو کھیلے گئے میچ میں انڈین ایروز کو ایک – صفر سے شکست دی تھی۔ریئل کشمیر کی طرف سے میچ کے 36 ویں منٹ میں میسن رابرٹسن نے پہلا گول داغا جبکہ کالم ہیگن بوتھم نے میچ کے 54 ویں منٹ میں دوسرا گول داغ کر دو- صفر کی برتری حاصل کی تاہم مخالف ٹیم کے روچر زیلا نے میچ کے آخری مرحلے میں یکے بعد دیگرے دو گول داغ کر میچ کو برابری پر ختم کیا۔روچر زیلا نے میچ کے 84 ویں منٹ میں پہلا اور 87 ویں منٹ میں دوسرا گول داغا۔یہ ریئل کشمیر فٹ بال کلب کا 13 وان میچ تھا جن میں اس نے 5 میچ جیتے ہیں اور 4 ہارے ہیں جبکہ 4 میچ بغیر فیصلے کے ختم ہوئے ہیں۔ ریئل کشمیر نے مجموعی طور پر 19 پوائنٹس حاصل کئے ہیں اور چوتھی پوزیشن پر فائز ہوا ہے۔ایزوال فٹ بال کلب کا یہ 14 واں میچ تھا جن میں سے اس نے 3 جیتے ہیں اور 4 ہارے ہیں جبکہ 7 میچ بغیر فیصلہ کے ختم ہوئے ہیں۔
Comments are closed.