ہندوستان ایک بڑی طاقت ، کشمیری مسلح نوجوانوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا : گورنر ستیہ پال ملک

جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کشمیری مسلح نوجوانوں کا نام لئے بغیر کہا کہ انہیں تشدد کے راستے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کشمیری مسلح نوجوانوں کا نام لئے بغیر کہا کہ انہیں تشدد کے راستے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اتنی بڑی طاقت ہے کہ کوئی اس کے مدمقابل ٹک نہیں سکتا۔

گورنر موصوف جمعرات کو ایس ای سی ایم او ایل کی 30 ویں سالانہ تقریب میں تقریر کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مجھ سے کہا کہ کشمیریوں کو یقین دلاؤ کہ ہندوستان تمہارا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے مجھے کوئی سیاسی کام نہیں سونپا ہے۔ گورنر ملک نے کشمیری مسلح نوجوانوں سے ہتھیار چھوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جنگجویت کہیں بھی کامیاب نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی طاقتور باغی تنظیم ایل ٹی ٹی ای جس کے پاس اپنے ہیلی کاپٹرس اور بحری ساز وسامان تھا، وہ بھی زندہ نہیں رہ سکی۔ گورنر ملک نے کہاکہ ہم جنگجوؤں کو نہیں بلکہ دہشت گردی کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا ’یہ تین سو نوجوان (جنگجو) ہیں۔ ہم انہیں مارنا نہیں چاہتے ۔ ہم دہشت گردی کو ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں اس بات کا احساس ہو کہ ان کا چنا ہوا راستہ غلط ہے‘۔

گورنر ملک نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے مجھ سے کہا کہ کشمیریوں کو یقین دلاؤ کہ ہندوستان تمہارا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں سے ملو، لوگوں سے پوچھو اور ان سے بات چیت کرو۔ بات چیت کو آگے بڑھاؤ ۔ ان کو بتاؤ کہ یہ تمہارا ملک ہے‘۔

انہوں نے کہا ’اس ملک میں تو کسی ریاست کے پاس اپنا جھنڈا نہیں، آپ کے پاس تو الگ جھنڈا ہے۔ کسی بھی ریاست کے پاس اپنا آئین نہیں، آپ کے پاس تو اپنا آئین بھی ہے۔ آپ تو خود ہی اسپیشل ہیں۔ تو پھر آپ کو اور کیا چاہیے؟ یہ علاقے اتنے خوبصورت ہیں۔ ان کو اگر فروغ دو گے تو خوشحال ہوجاؤ گے۔ میں تو اسی کوشش میں ہوں‘۔(یو این آئی)

Comments are closed.