ہندوارہ جھڑپ :پولیس نے منان وانی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی
ہندوارہ : شاٹھ گنڈ قلم آباد ہندوارہ میں جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان جھڑپ میں دو مقامی جنگجو نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مہلوکین میں ڈاکٹر منان وانی بھی شامل ہے.
پولیس نے جھڑپ کی نسبت ایک تحریری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے شاٹھ گنڈ بالا قلم آباد ہندواڑہ گاﺅں کو اعلیٰ الصبح جونہی محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ،تو علاقے میں موجود عسکریت پسندوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ چنانچہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیاجبکہ محصورعسکریت پسندوں کو بار بار خود سپردگی کی پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کے بعد حفاظتی عملے نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 2 عسکریت پسند جاں بحق ہوئے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق عسکریت پسندوں کی شناخت منان بشیر وانی و لد بشیر احمد وانی ساکنہ ٹکی پورہ سوگام کپوارہ اور عاشق حسین زرگر ولد غلام محی الدین ساکنہ تلواری لنگیٹ کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق جھڑپ کی جگہ اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
Comments are closed.