ہماری لڑائی کشمیر کے لئے ، کشمیریوں کے خلاف نہیں،عوام بھروسہ دکھے ہر کارروائی کا حساب لیا جائے گا /وزیر اعظم مودی

کشمیری طلبا پر حملوں کی خبریں افسوسناک ، ملک میں ایسا نہیں ہونا چایئے

سرینگر: پلوامہ حملے پر ایک مرتبہ پھر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح الفاظ میں بولتے ہوئے کہا کہ ہماری لڑائی کشمیر کے لئے ہے، کشمیریوں کے خلاف نہیں۔انہوں نے کہا کہ ’ سرحد پر ڈٹے ہماری فوجیوں پر، مودی حکومت پراور ماں بھوانی کے آشیرواد پر بھروسہ رکھئے، اس بار سب کا حساب ہو گا ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق راجستھان دورے کے دوران ٹونک میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے پلوامہ حملے میں ہلاک ہوئے سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری لڑائی دہشت گردی کے خلاف ہے۔ انسانیت کے دشمنوں کے خلاف ہے۔ ہماری لڑائی کشمیر کے لئے ہے، کشمیریوں کے خلاف نہیں‘‘۔وزیر اعظم مودی نے پلوامہ حملہ کے بعد ملک کے کچھ حصوں سے آئی کشمیری طلبہ پر حملے کی خبروں پر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں یہ نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی حرکتیں’ بھارت تیرے ٹکڑے‘ کہنے والوں کو بڑھاوا دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ دہشت گردی کے سب سے زیادہ شکار ہیں اور آئے دن اس کی گولی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کشمیر میں جنگجوئوںکی گولیوں کا نشانہ بن رہے عام لوگوں کو بھی ’ جاںبحق بتایا۔وزیر اعظم نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ پاکستان میں نئی حکومت بننے پر میں نے پروٹوکول کے تحت انہیں فون کر کے مبارکباد دی تھی اور کہا تھا کہ ہم بہت لڑ چکے، آو مل کر غریبی کے خلاف لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی میں پٹھان کا بچہ ہوں، کبھی جھوٹ نہیں بولتا۔ آج ان کے لفظوں کو کسوٹی پر تولنے کا وقت ہے‘‘۔وزیر اعظم مودی نے پاکستان پر سخت حملہ بولتے ہوئے کہا کہ پلوامہ حملہ کے بعد پڑوسی ملک میں ہنگامہ برپا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے زیادہ تر ممالک اور تقریبا سبھی بین اقوامی ادارے پلوامہ حملے کے خلاف متحد ہو کر ہندوستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مودی نے کہا ’’ سرحد پر ڈٹے ہماری فوجیوں پر، مودی حکومت پراور ماں بھوانی کے آشیرواد پر بھروسہ رکھئے، اس بار سب کا حساب ہو گا ۔

Comments are closed.