کولگام چلوکال پر قدغن ،جنوبی کشمیر میں ہڑّتال جاری

سرینگر: مزاحمتی قیادت کی جانب سے دی گئی کولگام چلو کال کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بدھ کو بندشیں اور پابندیاں عائد رہیں .

معلوم ہوا ہے کہ کولگام کو مکمل طور پر سیل کیا گیا تھا جبکہ ضلع کولگام جانے والے راستوں پر جگہ جگہ ناکہ بندی کی گئی تھی اور صرف ایمرجنسی میں گھر سے باہر نکالنے والے افراد کو ہی آنے جانے کی اجازت دی جاتی تھی .

جنوبی کشمیر کے حساس علاقوں میں پولیس وفورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی .یاد رہے کہ اتوار کو معرکہ آرائی کے مقام پر ایک خوفناک سماعت شکن دھماکے میں 7 عام شہری جاں بحق ہوئے تھے .

جاں بحق افراد میں ایک معصوم اور باقی دیگر نوجوان تھے .متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور تعزیتی پرسی کےلئے مزاحمتی قیادت نے کولگام چلو کی کال دی تھی .

ادھر جنوبی کشمیر میں بدھ کو مسلسل تیسرے روز بھی ہڑتال رہی ،جسکی وجہ سے چاروں اضلاع کولگام ،پلوامہ ،اننت ناگ اور شوپیان میں معمول کی سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئیں .

پابندیوں اور بندشوں کے باوجود لارو کولگام متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور تعزیت پرسی کرنے کےلئے لوگوں کی ایک خاصی تعداد وہاں پہنچی ،جس نے جاں بحق نوجوانوں کو خراج پیش کیا .

دریں اثناء مزاحمتی لیڈران کی تھانہ وخانہ نظر بندی برقرار رکھی گئی جبکہ محمد یاسین ملک سمیت کئی مزاحمتی لیڈران کو سینٹرل جیل منتقل کیا گیا .

Comments are closed.