کولگام میں تعزیتی ہڑتال،غیر مقامی جنگجو بارہمولہ میں سپرد لحد

ضلعے میں موبائیل انٹر نیٹ خد مات ہنوز معطل ،ریل سروس بحال

کولگام :۲۳،جولائی: جاں بحق عساکر کی یاد میں کولگام میں پیر کو تعزیتی ہڑتال رہی جبکہ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات اور امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے ضلعے میں مسلسل دوسرے روز بھی موبائیل انٹر نیٹ خد مات منقطع رہیں ۔اس دوران وانی محلہ کھڈونی معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے غیر مقامی جنگجو گانٹھ مولہ بارہمولہ میں مخصوص قبرستان میں پولیس کی موجودگی میں سپرد لحد کیا ۔دریں اثناء ایک دن تک معطل رہنے والی سرینگر ۔قاضی گنڈ ریل سروس کو پیر کے روز بحال کردیا گیا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق وانی محلہ کھڈونی کولگام میں اتوار کے روز معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے غیر مقامی جنگجو سمیت3جنگجوؤں کی یاد میں پیر کے روز کولگام ضلعے کے بیشتر علاقوں میں تعزیتی ہڑتال رہی ۔اطلاعات کے مطابق ضلعے میں پیر کو تعزیتی ہڑتال کے دوران دکانات اور دیگر کمرشل کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا ،تعزیتی ہڑتال کے باعث ضلع میں ہو کا عالم رہا ۔حساس علاقوں میں کسی بھی گڑھ بڑھ کو روکنے کیلئے اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ۔ہڑتال کے باعث سرینگر ۔جموں شاہراہ پر ٹریفک کی آوا جاہی متاثر نہیں اور امرناتھ یاترا روٹ پر گاڑیوں کی آمد ورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی ۔یاد رہے کہ اتوار کی علی الصبح ایک خونین معرکہ آرائی میں سہیل احمد ساکنہ ریڈوی ،مدثر احمد عرف ریحان ساکنہ کتروسو اور غیر مقامی جنگجو ابو ماؤیا جاں بحق ہوئے تھے جبکہ انکاؤنٹر میں دو رہائشی مکان بھی تباہ ہوگئے تھے ۔پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ مہلوک جنگجو پولیس کانسٹیبل محمد سلیم کو اغوا کرنے بعد قتل کرنے میں ملوث تھے ۔زیر تربیت پولیس کانسٹیبل کٹھوعہ کے ایک تربیتی کیمپ سے چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا ،جس دوران اُسے جمعہ کی شب اغوا کیا گیا اور اسکی نعش اگلے روز اسکی نعش برآمد کی گئی ۔ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق فوج وفورسز نے ہڑتال کے بیچ مقام جھڑپ کا ایک مرتبہ پھر محاصرہ کیا ،جسکی وجہ یہاں لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ۔اس دوران اس جھڑپ میں جاں بحق ہوئے غیر مقامی جنگجوکو گانٹھ مولہ بارہمولہ کے ایک مخصوص قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اتوار کی شب مذکورہ جنگجو کو پولیس کی موجودگی میں سپرد لحد کیا گیا ۔بارہمولہ میں غیر مقامی جنگجو ؤں کیلئے ایک مخصوص قبرستان ہے ،جہاں معرکہ آرائیوں میں جاں بحق ہونے والوں کو سپرد لحد کیا جاتا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ مہلوک جنگجو کی نعش بارہمولہ پولیس لائنز پہنچائی گئی ،جو شیری پولیس اسٹیشن کے سپرد کی گئی اور بعد ازاں اُسے گانٹھ مولہ بارہمولہ میں سپرد لحد کیا گیا ۔ادھر معرکہ آرائی کے سبب اتوار کو سرینگر ۔بانہال کے درمیان معطل رہی ریل سروس کو پیر کے روز بحال کردیا گیا ۔ریلوے حکام نے بتایا کہ پیر کو بارہمولہ ۔بانہال ریل سروس کی تمام ریل گاڑیاں معمول کے مطابق پٹری پر چلیں ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ایڈوائزی کے باعث اتوار کو سرینگر اور بانہال کے درمیان ریل سروس معطل کی گئی ،تاہم سرینگر ۔بارہمولہ کے درمیان تمام ریل گاڑیاں معمول کے مطابق چلیں ۔ان کا کہناتھا کہ پیر کو بارہمولہ ۔بانہال ریل سروس کی تمام گاڑیوں کی سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ۔کشمیر وادی کے نامساعد حالات کے سبب آئے روز ریل سروس معطل رہتی ہے جسکی وجہ سے ریلوے کو شدید نقصان اٹھانا پڑتا ہے جبکہ مسافروں کو مسائل کا سامنا رہتا ہے ،کیونکہ ریل گاڑی سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ زمینی سفر کرتے ہیں ۔کشمیر میں ریل سفر انتہائی سستا تصور کیا جاتا ہے ۔اس دوران ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات اور امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے ضلعے میں مسلسل دوسرے روز بھی موبائیل انٹر نیٹ خد مات منقطع رہیں ۔اسلام آباد میں یہ خد مات پیر کے روز بحال کردی گئیں ۔ کے این این

Comments are closed.