کشمیر میں امن وامان کی برقراری کیلئے بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کا انعقاد ضروری تھا: ہنس راج اہیر

سری نگر ، :مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ ہنس راج گنگا رام اہیر نے کہا کہ وادی کشمیر میں امن وامان کی برقراری کے لئے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا انعقاد ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کشمیر کو انتخابات سے الگ اور کشمیریوں کو اپنے جمہوری حق سے دور نہیں رکھ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے اور انتخابات میں ہی امن اور ترقی کا راز پوشیدہ ہے۔ ہنس راج اہیر نے جمعہ کے روز یہاں بی ایس ایف ہیڈکوارٹر ہمہامہ میں منعقدہ شاسترا پوجا (ہتھیاروں کی پوجا) کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کی جانب سے وادی میں بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ’ہم کشمیر کو انتخابات سے الگ نہیں رکھنا چاہتے تھے۔ انتخابات کرانا سرکار کی ذمہ داری تھی ۔

یہاں پر امن وامان کی فضا بنی رہے، اس لئے انتخابات کا انعقاد ضروری تھا۔ انتخابات میں ہی امن اور ترقی کا راز پوشیدہ ہے۔ ہم لوگوں کو اپنے جمہوری حق سے دور نہیں رکھ سکتے‘۔ انہوں نے کہا ’انتخابات سے ترقی کی رفتار تیزی پکڑے گی۔ سرکاری فنڈنگ کا بھرپور استعمال ہوگا۔ انتخابات سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔ انتخابات کا انعقاد ایک جمہوری نظام کی اولین شرط ہے‘۔ یو اےن آئی

Comments are closed.