کشمیری جنگجوؤں کا صفایا اور علیحدگی پسندوں کو جیل میں سڑائیں گے: رویندر رینہ

جموں ، (یو ا ین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے علی گڑھ مسلم یونیوسٹی کے ریسرچ اسکالر سے جنگجو بننے والے منان بشیر وانی کی ہلاکت پر کہا کہ کشمیر میں جنگجوؤں کا چن چن کر صفایا کیا جائے گا۔

انہوں نے دھمکی دی کہ کشمیری علیحدگی پسند لیڈران و کارکنوں کو جیل میں سڑایا جائے گا۔پاکستان، کشمیری علیحدگی پسندوں، جنگجوؤں اور سنگبازوں کے خلاف شعلہ بیانی کے لئے مشہور رویندر رینہ نے جمعرات کو یہاں میڈیا کو بتایا ’جو غلط راستے پر جائے گا اس کا انجام برا ہوگا۔

جو دیش کے خلاف بندوق اٹھائے گا اس کا انجام برا ہوگاوہ بچ نہیں پائے گا۔ جس دن یہ (منان) جنگجو بنا تھا ہم نے اسی دن کہا تھا کہ یہ چند دنوں کا کھیل ہے۔ ہم چن چن کر سب کا صفایا کریں گے۔

انہوں نے کہا ’حریت والے سب فراڈ ہیں۔ بند کی کال دینے والوں کو ہم بند کریں گے۔ ان سب حریت شریت گیلانی شیلانی کو ہم جیل میں ہی سڑائیں گے‘۔

Comments are closed.