کشتواڑ میں کرفیو بدستور
کشتواڑ : چناب وادی میں بی جے پی لیڈر اور اُسکے بھائی کی ہلاکت بعد پیدا شدہ کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کےلئے ہفتہ کو مسلسل تیسرے روز بھی ضلع کشتواڑ میں کرفیو نافذ رہا جبکہ بھدرواہ اور ڈوڈہ اضلاع میں پولیس وفورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی.
معلوم ہوا ہے کہ بھاجپا لیڈرو ریاستی سیکریٹری انل پریہار اور اسکے بھائی اجیت پریہار کی جمعرات کی شب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاکت کے بعد چناب وادی میں کشیدگی کی لہر دوڑ گئی ،تاہم صورتحال کو کنٹرول میں کرنے اور کشیدہ وپُرتنائو صورتحال پر قابو میں کرنے کےلئے کشتواڑ ضلعے میں ہفتہ کو مسلسل تیسرے روز بھی کرفیو نافذ رہا جبکہ کرفیوزدہ علاقوں میں فوج نے فلیگ مارچ بھی کیا.
بتایا جاتا ہے کہ بھدر واہ اور ڈوڈہ اضلاع کے حساس علاقوں میں پولیس اور فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی .ریاستی پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ کشتواڑ میں صورتحال پرامن ہے .انہوں نے کہا کہ کشتواڑ میں ہر ایک طبقے نے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھائی چارے اور ہم آہمنگی کو برقرار رکھا .
انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں پولیس کے ہاتھ اہم سراغ آئے ہیں اور عنقریب اس معاملے کو سلجھایا جائیگا.واقعہ کی نسبت خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے .
خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایڈیشنل ایس پی کشتواڑ کررہے ہیں جبکہ وہ بھاجپا لیڈر کے قتل کے حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں .بھاجپا لیڈر اور اُسکے بھائی کی آخری رسومات جمعہ کو انجام دی گئیں ،جس میں ایم او ایس پی ایم او جتندر سنگھ اور ریاستی بھاجپا کے تمام لیڈران نے شرکت کی .
بھاجپا لیڈر اور اُسکے بھائی کی ہلاکت پر چناب وادی میں مکمل بند ہے .انل اور اجیت پریہار کو جمعرات کی شب تپال گلی کشتواڑ میں نامعلوم افراد نے نزدیک سے گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا .
چناب وادی میں موبائیل انٹرنیٹ سروس منقطع کردی گئی ہے جبکہ جموں شہر اور خطے کے دیگر حساس اضلاع میں بھی تیز رفتار انٹرنیٹ خدمات بند کردی گئیں.
یہ اقدامات سوشل میڈیا پر افواہوں کو روکنے کےلئے اٹھائے گئے .
Comments are closed.