ڈاکٹر سیف اللہ خالد اور آصف احمد کی شہادت انتہائی تکلیف: حزب المجاہدین

سرینگر//سی این ایس / ڈاکٹر سبزار احمد صوفی المعروف ڈاکٹر سیف اللہ خالد اور آصف احمد کی شہادت انتہائی تکلیف دہ، تاہم شہادتوں کا یہی راستہ منزل کی طرف جاتا ہے۔ انشاء اللہ یہ مقدس خون ضائع نہیں ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار حزب کمانڈ کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سید صلاح الدین نے کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ علماء اور دانشوروں کی شہادت سے اگرچہ ایک بڑی خلاء پیدا ہو جاتی ہے تاہم اس حقیقت سے بھی انکار ممکن نہیں کہ یہ شہادتیں جدوجہد کو نہ صرف مزید طاقت و قوت بخشتی ہیں بلکہ اسے دنیا کے سامنے عملی جواز بھی فراہم کرتی ہیں۔ دنیا اس وقت دیکھ رہی ہے کہ پوری کشمیری قوم ایک جارح کے سامنے کھڑی ہے اور ہر فرد اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہے۔

نوگام سرینگر معرکے کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اجلاس میں کہا گیا کہ ڈاکٹر سبزار صوفی شہید کے بڑے بھائی نوے کی دہائی میں تحریک آزادی پر نثار ہوئے اور آج سبزار شہید نے آزادی برائے اسلام کے لئے اپنی جان قربان کر دی۔ کتنے بے غیرت اور ضمیر فروش ہیں وہ لوگ جو قوم کے نونہالوں، جوانوں، عالموں، دانشوروں کی عظیم قربانیوں کو نظرانداز کرکے اپنے حقیر مفادات کیلئے ابھی تک جارح قابض حکمرانوں کے سایہ عافیت میں ہی رہ رہے ہیں اور اُن کے خاکوں میں رنگ بھر رہے ہیں۔ اجلاس میں شہداء کی بلندئ درجات کے لئے دعا کی گئی اور اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ یہ مقدس خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

Comments are closed.