پی ڈی پی کو توڑنے کی کوشش ہوئی تو کشمیر میں پیدا ہوں گے صلاح الدین اور یاسین ملک : محبوبہ مفتی

سری نگر ، 13 جولائی (یو ا ین آئی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنی سابقہ اتحادی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا نام لئے بغیر کہا کہ اگر نئی دہلی (مرکزی حکومت) جموں وکشمیر میں نئی حکومت بنانے کے لئے ہارس ٹریڈنگ کی مرتکب ہوئی تو نئے صلاح الدین اور یاسین ملک جنم لیں گے۔

محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز یہاں ’یوم شہدائے کشمیر‘ کے موقع پر اپنے پارٹی رفقاء کے ہمراہ مزار شہداء نقشبند صاحب میں حاضری دینے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا ’ نئی دہلی (مرکزی حکومت) کی مداخلت کے بغیر کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوگی۔ ہارس ٹریڈنگ کے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ ہارس ٹریڈنگ ہوئی تو نئے صلاح الدین اور یاسین ملک جنم لیں گے‘۔

واضح رہے کہ بی جے پی نے گزشتہ ماہ پی ڈی پی سے تین سالہ اتحاد توڑ کر ریاستی حکومت کو گرادیا۔ حکومت کے گرنے کے بعد پی ڈی پی کے اندر بغاوت شروع ہوئی اور مبینہ طور پر کم از کم پانچ ممبران اسمبلی بالواسطہ طور پر ریاست میں بی جے پی حکومت بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔

Comments are closed.