جموں و کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے خودکش حملہ کی وجہ سے مشرقی اتر پردیش کی انچارج کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعرات کو لکھنؤ کی اپنی جموزہ پریس کانفرنس کو منسوخ کر دیا۔ حالانکہ وہ دو منٹ کے لئے میڈیا سے روبرو ہوئیں اور اس حملہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”اپنوں کو کھونے کا درد میں سمجھتی ہوں۔”
پرینکا گاندھی کی پریس کانفرنس کو لے کر لوگوں میں کافی تجسس تھا اور کانگریس کے لکھنؤ میں واقع ریاستی صدر دفتر میں میڈیا کا کافی رش بھی تھا۔ دراصل پرینکا گاندھی نے کانگریس جنرل سکریٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد لکھنؤ میں روڈ شو کیا تھا لیکن ابھی تک نہ تو انہوں نے لوگوں سے براہ راست گفتگو کی ہے اور نہ ہی میڈیا سے وہ مخاطب ہو سکی ہیں۔ پہلے یہ پریس کانفرس 4 بجے ہونے والی تھی لیکن کسی وجہ سے اسے 7 بجے تک کے لئے ٹال دیا گیا تھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ بی جے پی کے موجودہ رکن اسمبلی اوتار سنگھ بھڑانا اور سابق رکن اسمبلی رام لال ساہی دن میں پرینکا سے ملے تھے اور قیاس لگائے جا رہے تھے کہ پرینکا گاندھی کی موجودگی میں ان دونوں کی کانگریس میں شمولیت کا اعلان کر دیا جائے گا۔ لیکن پلوامہ حملہ کی وجہ سے فی الحال اسے ٹال دیا گیا ہے۔ ممکنہ طور پر اب اس کا اعلان جمعہ کے روز کیا جائے گا۔
مختصر وقت کے لئے میڈیا سے مخاطب ہوئیں پرینکا گاندھی نے کہا، ”آج جموں و کشمیر میں جو حملہ ہوا ہے اس کی وجہ سے ہم یہ نامناسب سمجھتے ہیں کہ کوئی سیاسی بات کی جائے۔ملک کا ہر ایک باشندہ اس مشکل وقت میں شہیدوں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ ”جموں و کشمیر میں آئے دن ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں، جو تشویش کا باعث ہے۔ میں حکومت سے مانگ کرتی ہے کہ ان واقعات کو روکنے کے لئے سخت اقدام اٹھائے جائیں۔”
Comments are closed.