پاک بھارت افواج کے درمیان فلیگ میٹنگ،سرحدوں پر امن قائم کرنے پر اتفاق

جموں:کئی دنوں کی خاموشی کے بعد حد متارکہ پر پاک بھارت افواج کے درمیان ایک دفعہ پھر گولیوں کا تبادلہ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرس نے کئی گھنٹوںتک بی ایس ایف کی چوکیوں کو نشانہ بنایا تاہم اس دوران کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ادھر پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے چری کوٹ سیکٹر میں آٹھ سالہ بچہ شدید طورپر زخمی ہوا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق دفاعی ترجمان نے پاکستانی رینجرس پر الزام لگایا ہے کہ13اور14اکتوبر کی درمیانی رات کو پاکستانی رینجرس نے پونچھ سیکٹر بی ایس ایف چوکیوں کو ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا ۔ دفاعی ترجمان کے مطابق بی ایس ایف نے بھی جوابی کارروائی شروع کی اور دشمن کی بندوقوں کو خاموش کردیا۔ دفاعی ترجمان کے مطابق رینجرس نے بی ایس ایف کی نو چوکیوں کو نشانہ بنایا تاہم زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ دفاعی ترجمان کے مطابق دراندازی کی کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے رینجرس بی ایس ایف کو نشانہ بنا رہے تاہم سرحدوں پر فوج دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے چوبیس گھنٹے متحرک ہے۔ ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ترجمان کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچہ خیام شدید زخمی ہوگیا، بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ پاک فوج نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرادیں۔ادھررام گڑھ سیکٹر میں پاکستانی رینجرس اور بی ایس ایف آفیسران کے درمیان فلیگ میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران سرحدوں کی دیکھ ریکھ اور ناجنگ معاہدے پر عملدرآمد کرنے پر زور دیا گیا ۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق رام گڑھ سیکٹر میں پاک بھارت افواج کے درمیان فلیگ میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی رینجرس کے سینئر آفیسر نے اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی جس دوران سرحدوں پر امن و امان کے قیام پر زور دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران دونوںملکوں کے افواج نے سرحدوں پر ناجنگ معاہدے پر من وعن عملدرآمد کرنے کا یقین دلایا ۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران سرحدوںکی دیکھ ریکھ اور سیکورٹی پر بھی بات ہوئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران بارڈر سیکورٹی فورسز کے آفیسران نے پاکستانی رینجرس پر واضح کیا کہ سرحدوں پر بغیر کسی اشتعال کے گولہ باری کا سخت جواب دیا جائے گا ۔ اس موقعے پر پاکستانی رینجرس نے بی ایس ایف آفیسران کو یقین دلایا کہ سرحدوں پر امن و امان کے قیام کی خاطر اقدامات اُٹھائے جائینگے ۔ واضح رہے کہ پچھلے کئی دنوں سے پاک بھارت افواج کے درمیان بین الاقوامی کنٹرول لائن پر ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزیوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ بارڈر سیکورٹی فورسز نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی رینجرس بغیر کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کے ساتھ ساتھ رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جس کے نتیجے میں لوگ خوف ودہشت میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

Comments are closed.