ویڈیو: نوگام شبانہ جھڑپ : 2 جنگجو نوجوان جاں بحق
نوگام : دارالحکومت سرینگر کے مضافاتی علاقہ نوگام میں ہونے والے ایک شبانہ مسلح تصادم میں 2 جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ مسلح تصادم میں فورسز کے 6 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
انتظامیہ نے جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر سری نگر اور بڈگام اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔ جبکہ سری نگر کے تمام تعلیمی اداروں میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر یونیورسٹی اور سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کی طرف سے آج درس وتدریس کا عمل معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے نوگام کے وانبل میں جنگجوؤں کی موجوگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر مذکورہ علاقہ میں گذشتہ نصف شب کو تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ طرفین کے مابین مسلح تصادم رات کے قریب 2 بجے شروع ہوا، جبکہ فائرنگ کا تبادلہ بدھ کی صبح تک جاری رہا۔
مسلح تصادم میں مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت سبزار صوفی ساکنہ سنگم اننت ناگ اور آصف احمد گوجری ساکنہ اننت ناگ کے بطور کی گئی ہے۔ تاہم اس کی سرکاری طور پر تصدیق ہونا باقی ہے۔
وسطی کشمیر کے ڈی آئی جی وی کے بردی نے کہا کہ مسلح تصادم کے دوران دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس میں فورسز کے 6 اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق نوگام میں جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے ہیں۔ کچھ ایک جگہوں پر احتجاجی کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
اس دوران ریاستی پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ مسلح تصادم میں مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز یا عام شہریوں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مسلح تصادم کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
اس دوران لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ مقام جھڑپ کے نزدیک تب تک نہ جائیں جب پولیس علاقے کو کلیئر نہیں کرتی .
ادھر ملنے والی اطلاعات کے مطابق نوگام میں مشتعل مظاہرین اور فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں ،جس دوران فورسز اہلکاروں نے پتھرائو کرنے والے نوجوانوںکو منتشر کرنے کےلئے شدید ٹیر گیس شلنگ کی .
Comments are closed.