‘می ٹو ‘ کمپین کے تحت لگائے گئے الزامات جھوٹے اور بےبنياد ہیں : ایم جے اکبر

نئی دہلی، 14 اکتوبر : امور خارجہ کے وزیر مملکت ایم جے اکبر نے ‘ می ٹو ‘ کمپین کے تحت خود پر لگائے گئے جنسی زیادتی کے الزامات کو غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ عام انتخابات سے پہلے اس قسم کے الزامات ان کی شبیہ کو خراب کرنے کے لئے لگائے جا رہے ہیں اور وہ جلد ہی اس بارے میں قانونی کارروائی کریں گے۔
مسٹر ایم جے اکبر نے افریقہ کے دورے سے واپس آنے کے بعد اپنی رہائش گاہ سے اس موضوع پر ایک بیان جاری کیا۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ ثبوت کے بغیر الزام لگانے کا سلسلہ زور پکڑ رہاہے۔ جو بھی معاملہ ہے، ان کے وکیل ان جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر آگے کی قانونی کارروائی کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے اس ‘ می ٹو’ مہم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ” عام انتخابات کے چند ماہ قبل یہ طوفان کیوں اٹھایا گیا ہے؟ کیا کوئی ایجنڈا ہے؟ آپ اس کا فیصلہ کیجیے”۔
انہوں نے کہا کہ ان جھوٹے، بے بنیاد اور واہیات الزامات سے ان کی شبیہ اور وقار کو جو نقصان ہوا ہے، اس کی بھرپائی نہیں ہو سکتی ہے۔ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، پر اس میں زہر ضرور ہوتا ہے جو بے بنیاد طوفان کھڑا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازعہ سے وہ بہت دلبرداشتہ ہوئے ہیں اور وہ مناسب قانونی کارروائی کریں گے۔
یو این آئی

Comments are closed.