وارانسی،: وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے منڈواڈيه ریلوے اسٹیشن کا رات میں اچانک معائنہ کر کےمسافر وں کو ملنے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
مسٹر مودی نے پیر کو دیر رات شہری علاقے میں واقع منڈواڈيه ریلوے اسٹیشن کا اچانک معائنہ کر کےسب کو چونکا دیا۔ ان کاقافلہ تقریباً دس بجے اسٹیشن کے احاطے میں داخل ہوا تو انہیں دیکھ کر مسافر اور افسران چونک گئے۔ انہیں وزیر اعظم کو یہاں دیکھ کر یقین نہیں ہو رہا تھا۔
وزیر اعظم منتخب گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ اسٹیشن پہنچے اور اپنی گاڑی سے اترتے ہی براہ راست پلیٹ فارم نمبر ایک پر جاکر مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا قریب سے دیکھا۔ریلوے حکام سے زیر تعمیر ترقیاتی کاموں کے بارے معلومات حاصل کی اور پھر تقریباً 10 منٹ بعد رات میں قیام کے لئے ڈیزل انجن ریلوے فیکٹری (ڈيریكا) گیسٹ ہاؤس کے لئے روانہ ہو گئے۔
وزیر اعظم کے ساتھ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے بھی موجود تھے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگلے سال 21-23 جنوری کو وارانسی میں مجوزہ 15 ویں غیر مقیم ہندوستانیوں کی کانفرنس کے دوران آنے والے ہزاروں غیر ملکی مہمان بڑی تعداد میں اسی اسٹیشن سے الہ آباد میں منعقد کمبھہ میلہ دیکھنے جا سکتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم ضروری انتظامات خود دیکھنا چاہتے تھے۔ وہ اس کانفرنس کے تئیں انتہائی سنجیدہ ہیں اور مہمانوں کے استقبال کی تیاریوں کے لئے خود اقدامات کررہے ہیں۔ گزشتہ دورے کے دوران انہوں نے کانفرنس کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے دل کھول کر مہمانوں کا استقبال کرنے کی اپیل کی تھی۔
Comments are closed.