ملک بحرانی کیفیت سے گزر رہا ہے ،تیسرے محاذ کا قیام لازمی /فاروق عبداللہ

جمہوریت اور اداروں کو بچانے کیلئے حزب اختلاف کو اپنا رول ادا کرنا ہو گا /چندر بابو نائیڈو

سر ینگر: بھارتیہ جنتا پارٹی کو 2019کے الیکشن میں اقتدار سے دور رکھنے کیلئے تیسرے محاذ کے قیام کو لازمی قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر اور آندھرا پردیش کے وزراءاعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت خطرے میں ہے ،حالات دن بدن ابتر ہوتے جا رہے ہیں ، ادارے متاثر ہو گئے ہیں اور اگر حز ب اختلاف نے بروقت اقدامات نہیں اٹھا ئے تو ملک کو شدید خطرہ لا حق ہو گا ۔

اے پی آئی کے مطابق 2019کے پارلیمنٹ الیکشن کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے تیسرے محاذ کے قیام کو انتہائی لازمی قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ممبر پارلیمنٹ اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ملک اس وقت ایک بحرانی کیفیت سے گذر رہا ہے ۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار سے دور رکھنے ،اداروں کو بچانے کیلئے حزب اختلاف کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا ۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تیسرے محاذ کے قیام کیلئے این سی پی لیڈر شرد پوار کے علاوہ دوسرے سرکردہ لیڈروں کی میٹنگ جلد ہی نئی دہلی میں بلائی جائیگی ۔ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندر بابو نائڈو نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تیسرے محاز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کے دورے کے دوران انہوںنے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال ،بہوجن سماج وادی کی سربراہ مایا وتی ،بی جے پی کے سابق لیڈر یشونت سنہا اور تامل لیڈر ڈی راجا کے ساتھ ملاقات کی اور آنے والے دنوں کے دوران نئی دہلی میں حزب اختلاف کی جانب سے میٹنگ منعقد کی جائیگی جس میں آئندہ لائحہ عمل اپنا نے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے لیڈران اقتدار کی خاطر متحد نہیں ہو رہے ہیں بلکہ ملک میں جمہوریت اور اداروں کو بچانے کیلئے وہ ایک ہونے کی کوشش کریں گے ۔

Comments are closed.