سی بی آئی نے پتہ بتانے والے کیلئے 50 ہزار روپے کا انعام مقرر کردیا
سری نگر، (یو ا ین آئی) مرکزی تفتیشی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے سنہ 2003 ءمیں سری نگر کے میوزیم سے چوری ہونے والے مغل شہنشاہ اورنگ زیب کے ہاتھوں لکھے گئے نادر قرآنی نسخے کا پتہ بتانے والے کو 50 ہزار روپے بطور انعام دینے کا اعلان کردیا ہے۔
سی بی آئی نے انعام کا اعلان ایک اشتہار میں کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے ’سی بی آئی نے سری پرتاب سنگھ میوزیم لال منڈی سری نگر جموں وکشمیرسے قرآن کے نادر نسخے جس کے آخر صفحے پر مغل بادشاہ اورنگ زیب کی مہر لگی ہوئی تھی، کے سلسلے میں کیس درج کیا ہے۔
عوام الناس سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ متذکرہ نادر قرآنی نسخے کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔ چوری شدہ قرآنی نسخے کی برآمدگی کا ذریعہ بننے والی اطلاع دہندہ کو پچاس ہزار روپے بطور انعام دیے جائیں گے۔ اطلاع دینے والے کی شناخت مخفی رکھی جائے گی‘۔
خیال رہے کہ سی بی آئی نے رواں برس 20 مارچ کو جموں وکشمیر ہائی کورٹ کو بتایا کہ اسے (سی بی آئی کو) میوزیم سے چوری شدہ نادر قرآنی نسخے کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ اسسٹنٹ سالسٹرجنرل طاہر مجید شمسی نے ہائی کورٹ کو بتایا تھا ’معاملہ کی تحقیقات جاری ہے۔
لیکن تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے‘۔ میوزیم سے نادر قرآنی نسخے کی چوری کو لیکر ویلی سٹیزنس کونسل نامی سول سوسائٹی گروپ نے ریاستی ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کی تھی۔
ویلی سٹیزنس کونسل کے جنرل سکریٹری امداد ساقی کی طرف سے سنہ 2008 میں دائر کی گئی مفاد عامہ کی عرضی میں سنہ 2003 میں میوزیم سے قدیم قلمی نسخوں، تہذیبی نوادرات اور صوفی بزرگوں کے تبروکات کی چوری ہونے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ یو این آئی
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.