معروف بھارتی صحافی کلدیپ نائر کی راکھ دریائے راوی کے سپرد

لاہور: بھارت کے معروف صحافی کلدیپ نائر کی آخری خواہش پر عمل کرتے ہوئے ان کی پوتی مندرا نائر نے ان کی راکھ لاہور میں دریائے راوی کے سپرد کردی۔

راکھ بہانے کی رسومات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے صحافت کا انتخابات صرف اپنے داد کی خواہش کے مشن کو پورا کرنے کے لیے کیا جو خطے اور خاص کر پاکستان اور بھارت کے درمیان قیام امن اور عوامی سطح پر رابطے بہتر بنانے کے خواہاں تھے۔

بعدازاں مندرا نائر نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا جہاں انہیں کلب کی اعزازی رکنیت سے نوازا گیا، خیال رہے کہ اپنے دادا کلدیپ نائر کے بعد وہ دوسری شخصیت ہیں جنہیں یہ اعزاز دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی شہرت یافتہ بھارتی صحافی کلدیپ نائر انتقال کرگئے

اس موقع پر کلدیپ نائر کی خوشگوار یادوں کو تازہ کرتے ہوئے مندرا نائر نے بتایا کہ میرے دادا کے پاس نئی دہلی کے پریس کلب کی رکنیت نہیں تھی لیکن وہ لاہور پریس کلب کے رکن تھے، ان کی رہائش دہلی میں ضرور تھی لیکن روحانی طور پر وہ لاہور کا حصہ تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنی راکھ لاہور میں دریائے راوی میں بہانے کی ان کی وصیت اس شہر سے ان کے روحانی تعلق کو ظاہر کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ کلدیپ نائر نے دونوں ممالک کے درمیان امن کی شمع روشن کی جو جلتی رہے گی۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی صحافی آئی اے رحمٰن نے کہا کہ انہیں آج بھی وہ دن یاد ہے جب کلدیپ نائر پہلی مرتبہ لاہور پریس کلب آئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ کلدیپ نائر کی آمد کے موقع پر پریس کلب صحافیوں سے مکمل طور پر بھرا ہوا تھا، وہ خطے، خاص کر پاکستان اور بھارت کے درمیان قیامِ امن کی کوششوں کے بانیوں میں سے تھے۔

کلدیپ نائر کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ متوفی سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، یہیں پلے بڑھے اور قانون کی پریکٹس کی، وہ امن کے سچے کارکن تھے جنہیں طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ساؤتھ ایشیا فری میڈیا ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری امتیاز عالم کا کہنا تھا کہ امن کی کوششوں کو کلدیپ نائر جیسے افراد کی ضرورت ہے جن میں اپنے مقصد سے وابستہ رہتے ہوئے رہنمائی کرنے کا حوصلہ ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ عوام کے عوام سے تعلق کے سب سے بڑے ترجمان تھے کیوں کہ ان کو یقین تھا کہ اس سے امن کو فروغ حاصل ہوگا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ان سے متاثرہونے والے تمام افراد امن کی کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے ان کے نقشِ قدم پر چلتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ معروف بھارتی صحافی اور مصنف کلدیپ نائر 23 اگست کو بھارت میں انتقال کر گئے تھے۔

Comments are closed.