مشکوک نقل وحرکت :جموں ،سانبا ، کٹھوعہ اضلاع میں ہائی الرٹ

جموں : بٹھنڈی اور ارنیا علاقوں میں مشکوک نقل وحرکت دیکھنے کے بعد صوبہ جموں کے 3 اضلاع جموں ،سانبا اور کٹھوعہ میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا .

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو بٹھنڈی اور ارنیا جموں کے علاقوں میں پولیس کو مشکوک نقل وحرکت کی اطلاع ملی ،جسکی بنیاد پر مذکورہ بالا تین اضلاع میں سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا .

میڈیا رپورٹس میں ایس ایس پی جموں ویویک گپتا کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ پولیس کنٹرول روم(پی سی آر) جموں کو ایک اطلاع ملی کہ بٹھنڈی جموں علاقے میں کچھ افراد کی مشکوک نقل وحرکت دیکھنے کو مل رہی ہے .انہوں نے کہا کہ اسی اطلاع کی بنیاد پر جموں کے تمام ناکوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ،تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو.

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ کسی شخص نے پی سی آر جموں کو فون کرکے بتایا کہ "ویو مال "جموں کے نزدیک ہریانہ کی زیر رجسٹریشن سیاہ رنگ کی کار مشکوک حالت میں کھڑی ہے.

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو فون کرنے والے شخص نے یہ بتایا کہ مذکورہ کار میں تین افراد موجود ہیں ،جن کے ہاتھوں مین اے کے 47 رائفلیں بھی ہیں .

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اطلاع کی بنیاد پر پولیس اور ایس او جی اہلکاروں نے متشرکہ طور بٹھنڈی جموں علاقے کا محاصرہ کیا اور مشکوک افراد کی تلاش شروع کردی .رپورٹس کے مطابق فورسز اہلکاروں نے سنجوان اور گنگیال علاقے میں بھی مشکوک افراد اور گاڑی کو تلاش کیا ،تاہم کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس تلاشی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کو کسی مشکوک شخص یا گاڑی کے حوالے سے کوئی سراغ نہیں ملا.

اس دوران صوبہ جموں کے سرحدی علاقہ ارنیا میں بھی مشکوک نقل وحرکت دیکھی گئی،جسکی اطلاع فوری طور پر پولیس کو کردی گئی .

بتایا جاتا ہے کہ جونہی یہاں مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ،تو انتظامیہ نے پولیس ،فوج اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی.

دریں اثنا جموں میں مشکوک افراد کی نقل وحرکت کے پیش نظر جموں وکمشیر کی نزدیکی ریاست پنجاب میں بھی سیکیورٹی فورسز اور ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کردیا گیا .

Comments are closed.