مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر میں الرٹ جاری ، سرکاری مشنری متحرک

یوٹی جموں کشمیر میں بھی کروناوائرس نے دستک دی جموں میں دو مریضوں کے ٹیسٹ مثبت

سرینگر/07مارچ: جموں میں کروناوائرس کے 2کیس سامنے آئے ہیں جس کے پیش نظر جموں کے کئی اضلاع میں سکولوں کو 31مارچ تک بندرکھنے کااعلان کیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری دفاتر میں بائیومیٹرک حاضری پر عارضی روک لگائی گئی ہے ۔ کروناوائرس کے ٹسٹ مثبت آنے کے ساتھ ہی جموں میں طبی الرٹ جاری کی گیا ہے اور ریولے سٹیشنوں اور ائر پورٹ پر مسافروں کی جانچ کے لئے بھی مزید اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق دنیا بھر میں دہشت کا ماحول پھیلانے والے کروناوائرس میں یوٹی جموں کشمیر میں بھی دستک دی ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جموں میں دو مریضوں کے نمونے مثبت آئے ہیں ۔جموں میںکروناوائرس کے دو معاملے سامنے آنے کی تصدیق کرتے ہوئے پرنسپل سیکریٹری پلاننگ اور مانیٹرنگ روہت کنسل نے ایک خبر رسیاںادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں اورسانبہ اور کٹھوعہ کے علاوہ دیگر اضلاع کے تما م سکولوں کو احتیاطی طور پر 31مارچ تک بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جن مریضوں کے ٹسٹ پازیٹو آئے ہیں وہ پہلے سے ہی طبی نگرانی میں تھے تاہم وہ ہسپتال سے چلے گئے تھے جن کو پھر واپس لایا گیا ہے ۔ روہت کنسل نے کہا ہے کہ یوٹی جموں کشمیر میںابتداء سے ہی کروناوائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیںاور جب 2فروری کو حکومت ہند کی جانب سے ایڈوازئری جاری کی اُسی وقت سے یوٹی جموں کشمیر کے تمام ضلع کمشنروں کو بھی اس حوالے سے سخت ہدایات کی گئی تھیں ۔ اس دوران ایک سرکاری اعلیٰ افسر نے بتایا کہ جموں خطے کے تمام سرکاری دفاتر میں بائیومیٹرک حاضری کو فی الحال عارضی طور پر روک لگائی گئی ہے ۔ اور ٹسٹ مثبت آنے کے بعد جموں میں طبی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس دوران جموںکے ریلوے سٹیشنوں اور ائر پورٹ پر مسافروں کی جانچ کیلئے مزید کئی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں جبکہ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سیاسی اور دیگر سماجی اجتماعات منعقد کرنے سے بھی پرہیز کریں ۔اس دوران سرکار نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں الرٹ جاری کیا گیا ہے اور کروناوائرس سے نمٹنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں جبکہ اس کیلئے پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ یوٹی انتظامیہ نے بھوپندر کمار IASکو مشن ڈائریکٹر ، نیشنل ہیلتھ مشن یوٹی جموں کشمیر کیلئے انچارج بنایا ہے جن کے تحت کروناوائرس سے نمٹنے کیلئے تمام تر اقدامات اُٹھائے جائیں گے جبکہ انہیں کہا گیا ہے کہ وہ فائنانشل کمشنر ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر نگرانی کام کریں گے اس کے علاوہ ڈاکٹر شفقت خان جن کو پہلے ہی کروناوائرس کیلئے نوڈل آفسیر بنایا گیا ہے انچارج بھوپندر کے تحت کام کریں گے ۔ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کروناوائرس کے خوف کے نتیجے میںجموں کے بڑے بازاروں میں سناٹا چھایا رہتا ہے جس کے نتیجے میں کاروبار پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ ادھر صوبائی انتظامیہ کشمیر نے بھی چار اضلاع میں پرائمری سطح کے اسکولوں کو تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ صوبائی کمشنر کشمیر کی جانب سے جاری کر دیا ایک حکمنامہ کے مطابق کشمیر کے چار اضلاع سرینگر ، بانڈی پورہ ، بارہمولہ اور بڈگام کے تمام علاقوں میں پرائمری سطح کے اسکول تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ حکمنامہ کے مطابق اسکول بند رکھنے کا فیصلہ بطور احتیاط کر لیا گیا ہے ۔

Comments are closed.