انکاﺅنٹر زدہ مکان مالک کا اغوا ، ہوائی فائرنگ سے علاقہ میں سنسنی
سرینگر:لارو کولگام میں نامعلوم مسلح افراد نے مکان مالک کو بندوق کی نوک پر اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔ اگر چہ والدین نے مغوی کو بچانے کی کوشش کی تاہم بندوق برداروں نے انہیں منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی۔ یاد رہے کہ مغوی کے رہائشی مکان میں بھی خونین جھڑپ ہوئی تھی جس میں تین جنگجو اور سات عام شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق لارو کولگام میں اُس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب جدید ہتھیاروں سے لیس نامعلوم بندوق بردار گاﺅں میں نمودار ہوئے اور شیراز احمد بٹ نامی شخص کو بندوق کی نوک پر اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق شیراز احمد کے رہائشی مکان میں ہی جھڑپ ہوئی تھی جس میں تین مقامی جنگجو اور سات عام شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ جونہی بندوق برداروں نے شیراز احمد کو گھسیٹ کر اپنے ساتھ لیا اس دور ان لواحقین نے شور مچایا اور شیراز احمد کو بچانے کی انتھک کوشش کی تاہم مسلح افراد نے لواحقین کو منتشر کرنے کیلئے ہوا میں گولیوں کے کئی راونڈ فائر کئے جس کے نتیجے میں علاقے میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا ۔ پولیس ذرائع نے لارو کولگام میں ایک شخص کو اغوا کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں تفصیلات حاصل کی جار ہی ہے۔
Comments are closed.