صوبائی کمشنر نے 69کونسلروں کو حلف دلایا

سرینگر:سرینگر میونسپل کارپوریشن کے نئے منتخب میونسپل کونسلروں کو آج بنکٹ ہال میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران حلف دلایا گیا۔صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے میونسپل کارپوریشن کے 27وارڈوں کی26خواتین اور45وارڈوں کے 43حضرات کو حلف دلایا۔

کل 74وارڈوں میں سے شازیہ رشید نے دو وارڈوں اسلام یاربل اورصفاکدل سے چناﺅ جیت لیا ہے ۔جب کہ جنید عظیم متو نے تین وارڈوں راولپوارہ،سولنہ اور بدڈل سے کامیابی حاصل کی ہے۔اعجاز احمد جس نے وارڈ 36سے کامیابی حاصل کی ہے حلف برداری کی رسم پر غیر حاضر تھے۔وارڈ نمبر69صورہ نشست خالی رہی کیونکہ یہاں ایک بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا تھا۔

صوبائی کمشنر نے نئے منتخب کونسلروں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے جمہوریت کی بنیادوں کو مستحکم کرنے کے لئے شجاعت اور قومی فرض شناسی کا ثبوت دیا۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ تعمیر وترقیاتی کاموں کے حوالے سے لوگوں کو نئے منتخب کونسلروں سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔انہوںنے کونسلروں کو لوگوںکی توقعات پر پورا اترنے پر زوردیا۔تقریب میں ضلع چناﺅ آفیسر ،کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن اسسٹنٹ کمشنر ،ایس ڈی ایم (ایسٹ )اوراسسٹنٹ کمشنر ریونیو کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔

Comments are closed.