سرینگر: پہاڑی ضلع شوپیاں کے لسہ دنیو اور میمندر گاﺅں میں بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن ، سیکورٹی فورسز نے دونوں گاﺅں کو سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔ ادھر بانڈی پورہ کے گرورا اور بارہ مولہ کے کنڈی علاقے چندوسہ کو بھی سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد گاﺅں کو محاصرے میں لیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد 34آر آڑ ، ایس او جی شوپیاں اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے شوپیاں کے لسہ دنیو اور میمندر گاﺅں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ فوج نے آس پاس گاﺅں میں بھی پہرے بٹھا دئے ہیں جبکہ لوگوں سے تلقین کی گئی کہ وہ گھروں سے باہر نہ آئے۔
معلوم ہوا ہے کہ حفاظتی عملے نے احتجاجی مظاہروں کو ٹالنے کیلئے گاﺅں میں چار دائروں والی سیکورٹی تعینات کی ہے اور کسی کو بھی گھروں سے باہر آنے نہیں دیا جارہا ہے۔ دفاعی ذرائع نے لسہ دنیو اور میمندر شوپیاں گاﺅں میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے کو پوری طرح سے سیل کیا گیا ہے۔
دفاعی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گھر گھر تلاشی کارروائی کے دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جا رہے ہیں۔ ادھر 20آر آر ، ایس او جی بانڈی پورہ نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد گرورا گاﺅں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گرورا اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ دریں اثنا فوج ، سی آرپی ایف اور ٹاسک فورس نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد بارہ مولہ کے کنڈی علاقہ چندوسہ کو محاصرے میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فوج کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ گاﺅں میں جنگجو چھپے بیٹھے ہیں جس کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور ٹاسک فورس نے مشترکہ طورپر گاﺅں کو سیل کرکے گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک گاﺅں میں تلاشی آپریشن جاری تھا.
Comments are closed.