سوپور:بندوق برداروں کے ہاتھوں پولیس اہلکار کی ہلاکت

سوپور : جمعہ کی شب نامعلوم بندوق برداروں نے شمالی قصبہ سوپورکے وارپورہ علاقے میں نزدیک سے پولیس اہلکار پر گولی چلائی اور ابدی نیند سلا دیا .

موصولہ اطلاعات کے مطابق نامعلوم بندوق بردار جمعہ کی شب 10 بجکر 45 منٹ پر پولیس اہلکار جاوید احمد لون ولد عبدالکریم کے گھر میں داخل ہوئے اور اس پر وارپورہ نزدیک ڈانگرپورہ سوپور کے مقام پر گولی چلائی .

فائرنگ کے اس واقعہ میں مذکورہ اہلکار شدید زخمی ہوا اور اُسے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا .جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا .

ایس پی سوپور جاوید اقبال نے واقعہ کی تصدیق کی اور کہا کہ تحقیقات معاملے کی نسبت شروع کردی گئی .

انہوں نے کہا کہ جاوید پر ملی ٹنٹوں نے فائرنگ کرکے جاں بحق کردیا .ان کا کہناتھا کہ جاوید پولیس محکمہ میں "فالور” کے بطور کام کرتا تھا اور چھٹی لیکر گھر پر تھا .

اس دوران دوران پولیس لائنز سوپور میں مہلوک اہلکار کے اعزاز میں ایک تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی ،جس میں ڈی آئی جی شمالی کشمیر سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی اور مہلوک پولیس اہلکار کو خراج پیش کیا .

پولیس ترجمان نے بتایا کہ منعقدہ تعزیتی گلباری تقریب کے دوران مہلوک اہلکار کے تابوت پر گلباری کی گئی اور پولیس اعزاز میں مہلوک اہلکار کو آخری الوداع کیا گیا .

پولیس ترجمان کے مطابق مہلوک پولیس اہلکار اپنے پیچھے علیل والدہ ،بیوہ ،5 سالہ بچی اور 2 سالہ بیٹا چھوڑ گیا .

Comments are closed.