سرینگر لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل عارضی طور معطل
سرینگر/ 17اکتوبر: سونہ مرگ اور گاندربل کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کے بعد سرینگر لہہ شاہراہ کو آمد رفت کیلئے معطل کیا گیا ہے۔سی این آئی نمائندے نے اس ضمن میں گاندربل سے اطلاع دی ہے کہ مشہور سیاحتی مرکز سونہ مرگ اور گاندربل کے بالائی علاقوں میں گزشتہ شب تازہ برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں پہاڑوں پر ایک مرتبہ پھر سفید چادر بچھ گئی ۔نمائندے کے مطابق تازہ برفباری ہونے کے ساتھ ہی 434کلو میٹر لمبی سرینگر لہیہ شاہراہ کے کئی مقامات پر پھسلن پیدا ہونے کے نتیجے میں شاہراہ کو عارضی طور ٹریفک کے نقل و حمل کیلئے بند کیا گیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ زوجیلا ، بال تل اور سونہ مرگ کے علاوہ دیگر کئی مقامات پر بدھ کی صبح بھی تازہ برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں شاہراہ کو آمد رفت کیلئے بند کیا گیا اور کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ ٹریفک پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شاہراہ کے کئی مقامات پر بدھ کی صبح تازہ برفباری ہوئی جس کے پیش نظر سرینگر لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمد رفت معطل کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کی معطلی مسافروں کے جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ زوجیلا پا س کے قریب چار انچ برف جمع ہوئی ہے جس کے باعث ٹریفک کو بند کرنا پڑا ۔ ٹریفک حکام کے مطابق شاہراہ صاف ہوتے ہی اسکو دوبارہ ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بحال کیا جائے گا ۔
Comments are closed.