راج ناتھ سنگھ نے این سی اور پی ڈی پی سے انتخابات میں حصہ لینے کی اپیل کی

جموں،:مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی سے اپیل کی ہے کہ وہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات میں حصہ لیں۔ یہاں بی ایس ایف ہیڈکوارٹر پر منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کی طرف سے بائیکاٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں راجناتھ سنگھ نے کہا’’ جن سیاسی جماعتوں نے بائیکاٹ کیا ہے، میں ان سے اپیل کرتاہوں کہ سیاسی عمل میں وہ بھی حصہ لیں کیونکہ اس طرح کے انتخابی عمل سے عوام کے ساتھ راست رابطہ کا موقع ملتا ہے‘‘۔

وزیر داخلہ سے جب یہ پوچھا گیا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے بائیکاٹ کی کال کیوں دی ہے، اس بارے انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔بتادیں کہ این سی اور پی ڈی پی نے پنچایتی اور اربن لوکل باڈیز انتخابات کا بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ،جن کا مطالبہ ہے کہ مرکزی سرکار دفعہ35-Aکے ساتھ کسی قسم کی چھیڑچھاڑ نہ کرنے کی ضمانت دے تو پھر انتخاب میں حصہ لیں گے

تاہم الیکشن کمیشن نے بائیکاٹ کال کے باوجود پنچایت اور بلدیاتی الیکشن کیلئے تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے اورتمام سیاسی جماعتوں پرضابطہ اخلاق بھی نافذ ہوگیاہے۔ گذشتہ دنوں گورنر ستیہ پال ملک نے بھی نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی سے چناؤ میں حصہ لینے کی اپیل کی تھی۔(یو این آئی)

Comments are closed.