جموں ، (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے سندر بنی سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوج کے مطابق دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران 2 درانداز اور 3 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔ ایک فوجی اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ جموں میں مقیم دفاعی ترجمان کرنل دویندر آنند نے کہا ’اتوار کو دوپہر قریب ایک بجکر 45 منٹ پر ایل او سی کے سندر بنی سیکٹر میں فوج کی بھاری مسلح پاکستانی دراندازوں کے ساتھ شدید جھڑپ شروع ہوئی‘۔ انہوں نے کہا ’فوج نے دو دراندازوں کو ہلاک کرتے ہوئے دو اے کے 47 رائفلیں اور دیگر جنگی سازوسامان برآمد کیا‘۔ کرنل آنند نے کہا کہ دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران تین فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا ’دراندازوں کا مقابلہ کرنے کے دوران ہمارے تین جوان شہید ہوئے جبکہ ایک جوان شدید طور پر زخمی ہوا۔ زخمی جوان کو علاج ومعالجہ کے لئے ادھم پورہ میں واقع فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے‘۔ دفاعی ترجمان نے مزید کہا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا ’آخری اطلاعات ملنے تک علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔ زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے‘۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.