راجوار ہندوارہ : راجوار ہندواڑہ میں پُرا سرار دھماکہ میں آفیسر سمیت 8فوجی اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر فوجی اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ دفاعی ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ا س سلسلے میں تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق شمالی کشمیر کے راجوار ہندواڑہ کے جنگلی علاقے میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب زور دار دھماکہ ہوا ۔ ذرائع نے بتایا کہ میجر سرب سمن اہلکاروں کو تربیت دے رہا تھا کہ اس دوران حادثاتی طورپر گرنیڈ زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں آٹھ اہلکار خون میں لت پت ہو گئے جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوجی اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں میں سے کئی اہلکاروں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے کیونکہ دھماکہ کافی زور دار تھااور اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ دفاعی ذرائع کے مطابق 21آر آر سے وابستہ اہلکار شمالی کشمیر کے جنگلی علاقے راجور میں گشت لگا رہے تھے کہ اس دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں آٹھ اہلکار زخمی ہوئے۔
دفاعی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کرنے کے احکامات صاد رکئے گئے ہیںکہ دھماکہ کیسے ہوا۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقے کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن بھی شروع کیا ہے جبکہ فوج کے کئی سینئر آفیسران نے بھی علاقے کا جائزہ لیا کہ کس طرح سے دھماکہ ہوا ہے۔
Comments are closed.