سوپور: شمالی قصبہ سوپور میں جمعہ کو اُس وقت قیامت صغریٰ بپا ہوئی جب دو روز بعد دریائے جہلم میں غرقآب ہوئے کمسن طالب علم کی نعش برآمد کی گئی.
نو سالہ طالب علم رشید ریاض ساکنہ منزسیر سوپور بدھ کو سیر جاگیر کے مقام پر غرقآب ہوا تھا .یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ دریائے جہلم میں نہا رہا تھا .
اس دوران دریائے جہلم کے ایک تیز بہائو ریلے نے اُسے اپنے ساتھ بہا لیا اور وہ دریائے جہلم کی لہروں میں گم ہوکر رہ گیا .اس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا.
پولیس اور مقامی لوگوں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن کیا جنہیں دو روز بعد جمعہ کو اُس وقت کامیابی ملی جب انہوں نے مذکورہ نو سالہ کمسن کی نعش لڈورہ رفیع آباد کے مقام پر برآمد کی .
قانونی اور طبی لوازمات پُر کرنے کے بعد نعش کو آخری رسومات انجام دینے کےلئے ورثاء کے سپرد کردی گئی.اس دوران جونہی نوسالہ معصوم کی میت آبائی گائوں پہنچائی گئی ،تو وہاں کہرام اور صف ماتم بچھ گئی.
بعد ازاں رقت آمیز مناظر کے بیچ اُسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا.
Comments are closed.