سری نگر ، (یو ا ین آئی) :: شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ٹنگڈار سیکٹر میں پاکستانی رینجرس کی سنیپر فائرنگ کی وجہ سے ایک فوجی اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے منگل کی علی الصبح ایل او سی کے ٹنگڈار سیکٹر میں بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر سنیپر فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے نتیجے میں فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔
ذرائع نے زخمی ہونے والے فوجی اہلکار کی شناخت 20 جاٹ رجمنٹ کے کوشل پال سنگھ کی حیثیت سے کردی ہے۔ انہوں نے بتایا ’زخمی اہلکار کو درگمولہ میں واقع فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے‘۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے سنیپر فائرنگ منگل کی علی الصبح قریب 4 بجکر 40 منٹ پر شروع کی گئی جس کے بعد طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔
انہوں نے بتایا ’ موصولہ اطلاعات کے مطابق سیکٹر میں فائرنگ کا تبادلہ رک گیا ہے۔ مزید کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے‘۔ بتادیں کہ قریب دس دن پہلے 13 اگست کو اسی سیکٹر میں پاکستانی رینجرس کی سنیپر فائرنگ کی وجہ سے فوج کا ایک اہلکار جاں بحق ہوا تھا۔ بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ ہماری طرف سے موثر جوابی کاروائی کی جارہی ہے۔
Comments are closed.