جنوب میں جنگجو مخالف کارروائیاں اور جنگجویانہ حملے

جنوبی کشمیر : جنوبی کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری جنگجو مخالف کارروائیوں اور جنگجویانہ حملوں کے بیچ جمعہ کی دوپہر جنگجوئوں نے شوپیان میں فوجی کیمپ پر مسلح حملہ کیا جسکی وجہ سے ایک اہلکار زخمی ہوا .

رپورٹس کے مطابق مٹری بُگ شوپیان میں 34 آر آر کیمپ پر دوپہر سوا 12 بجے کے قریب جنگجوئوں نے فائرنگ کی اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ،ایک اہلکار زخمی ہوا .

بتایا جاتا ہے کہ جنگجوئوں نے فائرنگ کرکے راہ فرار اختیار کی .معلوم ہوا ہے کہ حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوا ہے ،جسے اسپتال منتقل کیا گیا .

حملے کے فوراً بعد حملہ آئوروں کی تلاش شروع کردی گئی .یاد رہے کہ گزشتہ شب جنگجوئوں نے نادر ترال میں فوجی کیمپ پر شبانہ حملہ کیا جسکے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا .

ترال حملے کی ذمہ داری جیش محمد نے لی
خبررساں ادارے جی این ایس کے مطابق ترال میں ہوئے فوجی کیمپ پر حملے کی ذمہ داری جیش محمد عسکری تنظیم نے لی ہے .عسکری تنظیم جیش محمد کے ترجمان محمد حسن نے جی این ایس کو اپنے ایک بیان میں ترال میں ہوئے حملہ کی ذمہداری لیتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں تین اہلکار ہلاک اور کئی مضروب ہوئے .

جی این ایس کے مطابق جیش محمد کے ترجمان نے بتایا کہ حملہ کولگام سانحہ کے بدلے میں کیا گیا جبکہ مستقبل میں ایسے حملے جاری رہیں گے .

کولگام میں محاصرہ مخالف مظاہروں کے دوران ایک نوجوان زخمی

ادھر میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ کولگام کے ریڈونی علاقے میں ایک نوجوان پُرتشدد مظاہروں کے دوران زخمی ہوا .بتایا جاتا ہے کہ آرونی اننت ناگ میں جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوئے 4 جنگجوئوں‌میں سے تین کا تعلق جنوبی ضلع کولگام سے ہے ،جس پر یہاں تشدد بھڑک اٹھا .

بتایا جاتا ہے کہ نوجوانوں نے مشتعل ہو کر یہاں پتھرائو کیا جوابی کارروائی میں فورسز نے ٹیر گیس شلنگ اور پیلٹ فائرنگ کی جبکہ رپورٹس کے مطابق فورسز اہلکاروں نے مظاہرین پر فائرنگ بھی کی .

فورسز کارروائی کے دوران فیضان رشید شیخ ساکنہ رامپورہ کولگام گولی سے زخمی ہوا ،جسے سب ضلع اسپتال بجبہاڑہ میں داخل کیا گیا .زخمی نوجوان کی ٹانگ میں گولی لگی ہے .

Comments are closed.