جنوبی ایشیا میں امن واستحکام نہایت اہمیت کا حامل ہے/ قریشی
موجودہ بھارتی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو مزید پیچیدہ کردیا
سرینگر/یکم مارچ/سی این آئی// وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مستحکم، متحد اور جمہوری افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن واستحکام نہایت اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان اس مقصد کیلئے مسلسل کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغان امن معاہدے میں اپنے وعدے کے مطابق فیصلہ کن اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویڑن کے مطابق مسئلے کے فوجی حل کی بجائے سفارتی حل کو پذیرائی ملی اور یہی کامیاب ہوا ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن واستحکام مسئلہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بھارتی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو مزید پیچیدہ کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانچ اگست 2019 کے اقدامات نے کشمیر کی شناخت کو متاثر کیا اور اسے مختلف حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پچھلے دوسو چھ دنوں سے محاصرہ ہے اوراس صورتحال میں کس طرح بات چیت ہوسکتی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی صدر نے دنیا کو بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امن کا اہم شراکتدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان کے کردار کو سراہا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کے صدر دونو ں ایٹمی ہمسایہ ملکوں کے درمیان تنازع کی حساسیت کو سمجھتے ہیں۔
Comments are closed.