جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات ، ووٹوں کی گنتی جاری

سری نگر ، جموں وکشمیر میں 13 برس کے طویل وقفے کے بعد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ گنتی کا عمل ہفتہ کی صبح آٹھ بجے شروع ہوگیا۔

سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے لئے ڈالے گئے ووٹ شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس جبکہ جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کے لئے ڈالے گئے ووٹ جموں میں بکرم چوک کے نذدیک واقع پالی ٹیکنیک انسٹی چیوٹ میں گنے جارہے ہیں۔ باقی 20 اضلاع کے قصبوں کے لئے ڈالے گئے ووٹ متعلقہ ضلع ہیڈکوارٹروں میں گنے جارہے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کے مراکز کے ارد گرد سیکورٹی کے مثالی اور پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریاست میں بلدیاتی انتخابات چار مرحلوں میں منعقد کئے گئے جن میں 79بلدیاتی اداروں میں 17لاکھ رائے دہندگان ووٹ دینے کے اہل تھے۔

وادی کے 598 وارڈوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 32 ہزار 498 ، جموں کے 521 وارڈوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 44 ہزار 568 اور لداخ کے 26 وارڈوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 20 ہزار 225 تھی۔

1145بلدیاتی حلقوں کے لئے کل 3372 نامزدگیاں داخل کی گئی تھیں جبکہ انتخابات 8،10،13اور 16 اکتوبر کو منعقد کئے گئے۔

بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کا عمل 16 اکتوبر کو پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا ۔ بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کے دوران جہاں صوبہ جموں کے دس اضلاع اور خطہ لداخ کے دو اضلاع میں لوگوں نے انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، وہیں وادی کے سبھی دس اضلاع میں لوگوں کی جانب سے انتخابات کا مثالی بائیکاٹ کیا گیا۔

Comments are closed.