جموں وکشمیر اردو کونسل کا سالانہ اجلاس منعقد

اردو زبان کی ترقی وترویج کے حوالے سے سالانہ رپورٹ پیش ،ہفتہ اردو منانے کا فیصلہ

سرینگر /13جولائی/
جموں وکشمیراردو کونسل کا سالانہ اجلاس مورخہ 12جولائی کو زیر صدارت ایڈوکیٹ عبدالرشید ہانجورہ سرینگر میں منعقد ہوا جس میں کونسل کے دیرینہ کارکنوں نے شرکت کی ۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا تلاوت کافریضہ تنویر احمد نے انجام دیا ۔اس کے بعد کونسل کے سیکریٹری جنرل جاوید احمد ماٹجی نے حاضرین مجلس کا استقبال کیا اور سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کونسل کی جانب سے اردو زبان کی ترقی وترویج کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیل پیش کی اور سال رفتہ میں رہی کوتاہیوں کو بھی سامنے لاتے ہوئے ممبران پر زور دیا کہ آئندہ ان کوتاہیوں کا ازالہ یقینی بنایا جائے ۔اس کے بعد کونسل کے فائنانس سیکریٹری علی محمد نے تمام حسابات جس میں آمدنی اور خرچات کی مکمل تفصیل موجود تھی اجلاس میں من وعن پیش کئے ۔ اجلاس میں جملہ ممبران نے کونسل کو مستحکم بنانے اور اردو زبان کو ریاست جموں وکشمیر ی میں بنیادی مقام واپس دلانے کے حوالے سے اپنے خیالات کااظہار کیا ۔اس موقعہ پر چند اہم فیصلے طے پائے گئے جن میں جولائی کے آخری ہفتہ میں سنٹرل یونیورسٹی کشمیرکے اشتراک سے اردوانٹرنیشنل کانفرنسل کا انعقاد کیا جائے گا ۔کونسل کو فعال و مضبوط بنانے کیلئے 28جولائی کو صدارتی انتخابات منعقد کئے جائیں گے ۔انتخابات کیلئے تین نفری الیکشن بورڈتشکیل دیا گیا جس میں ایڈوکیٹ عبدالرشید ہانجورہ ( کنوئنر)،ناظم نذیر اور بشیر احمد شاہ مقرر کئے گئے ۔اردو زبان کی شان رفت بحال کرنے اور اس کی بنیادیں زمینی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں جی این وار( نگران )،اعجاز احمد ککرو ،ڈاکٹر حمید نسیم رفیع آبادی ،جاوید ماٹجی اور جاوید احمد کرمانی کوذمہ داری سونپی گئی۔ جی این وار کی تجویز کی تائید کرتے ہوئے طے پایا گیا کہ جموں وکشمیراردو کونسل کی جانب سے ریاست میں ہر سال ’’ اردو ہفتہ ‘‘منایا جائے گا ۔اردو رسم الخظ اور اردوکی ترویج کیلئے جموں کشمیر بنک کے ساتھ روابط استوار کرنے کی ذمہ داری شبیر احمد ماٹجی کو سونپی گئی ۔کونسل کی توسیع اور اس کے اغراض مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ایک لائحہ عمل صدارتی انتخابات کے بعد ترتیب دیا جائے گا۔واضح رہے کہ اجلاس میں کونسل کے نائب صدور ڈاکٹر حمید نسیم رفیع آبادی ۔اعجاز احمد ککرو۔سیکریٹری جاوید ماٹجی ،جاوید کرما نی ،پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیرمین جی این وار ‘پی آر او بشیر احمد شاہ ،علی محمد ،ناظم نذیر،شبر احمد ماٹجی،ڈاکٹر سید ظہور گیلانی،مشتاق الحق سکندر،شہباز ہاکباری،نجم الدین ،نثارآلکریم وغیرہ شامل تھے

Comments are closed.