بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ شروع

سری نگر:جموں وکشمیر میں چار مرحلوں پر مشتمل بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ کا ہفتہ کی صبح چھ بجے آغاز ہوگیا۔ ریاست میں تیسرے مرحلے کے تحت آج96 بلدیاتی حلقوں کے لئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ان میں سے 40 بلدیاتی حلقے کشمیر جبکہ باقی 56 بلدیاتی حلقے صوبہ جموں کے ضلع سانبہ میں ہیں۔

گذشتہ دو مرحلوں کی طرح اس مرحلے میں بھی جہاں صوبہ جموں میں پولنگ مراکز پر رائے دہندگان کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، وہیں وادی کشمیر کے اکثر پولنگ مراکز پر کوئی گہما گہمی نہیں ہے۔

کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سوئم پرکاش پانی نے کہا کہ انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’ہم نے سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے ہیں۔ ہمیں پورا بھروسہ ہے کہ پولنگ کا عمل گذشتہ دو مرحلوں کی طرح پر امن طور پر اپنے اختتام کو پہنچے گا‘۔

ریاست میں تیسرے مرحلے کے تحت 96 بلدیاتی حلقوں کے لئے 300 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ اس مرحلے کے لئے365 امیدوار میدان میں ہیں۔ آج جن علاقوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں ان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1لاکھ 93 ہزار 990 ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے رائے دہندگان کو لبھانے کے لئے گذشتہ دو ہفتوں سے جاری انتخابی مہم جمعہ کی صبح اپنے اختتام کو پہنچی تھی۔ جہاں جموں میں انتخابی امیدواروں نے رائے دہندگان کو لبھانے کا ہر طریقہ استعمال کیا ، وہیں وادی میں انتخابی میدان میں شامل امیدوار کوئی انتخابی مہم چلاتے ہوئے نظر نہیں آئے۔
جاری ۔

Comments are closed.