بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ اختتام پذیر ،وادی میں پولنگ کی شرح3.5فیصد درج
ریاست میں مجموعی طور پر ووٹنگ کی شرح 16.4فیصد درج :الیکشن کمیشن
16اکتوبر کو پولنگ مرکز9باچھی دروازہ مخدوم صاحب (وارڈ نمبر41)میں دوبارہ ووٹنگ ہوگی
سرینگر:ریاست جموں وکشمیر میں تیسرے مرحلے بلدیاتی انتخابات اختتام پذیر ہوئے سابقہ دو مراحل کی طرح وادی کشمیر میں ووٹنگ کی شرح انتہائی کم درج کی گئی کیونکہ صوبہ کشمیر میں پولنگ کی شرح تیسرے مرحلے میں 3.5فیصد درج کی گئی جبکہ جموں میں حسب معمول پولنگ کی شرح تیسرے مرحلے میں 81.4فیصد درج کی گئی
۔ریاست جموں وکشمیر کے4اضلاع سرینگر ،اننت ناگ ،بارہمولہ اور سانبا کے 96بلدیاتی وارڈوں میںووٹنگ کی مجموعی شرح 16.4فیصد ریکارڈ کی گئی ۔اس دوران وقت پر ووٹنگ مشینوں کی تبدیلی کے باعث 16اکتوبر کو پولنگ مرکز9باچھی دروازہ مخدوم صاحب (وارڈ نمبر41)میں دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔دریں اثناءگزشتہ تین مراحل کی ووٹنگ کی مجموعی شرح وادی میں 6.7درج کی گئی جبکہ ریاست میں یہ شرح 41.9فیصد درج کی گئی ۔
ریاست جموں میں 4مراحل پر محیط بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ ہفتہ کو اختتام پذیر ہوا ،جسکے تحت ریاست کے 4اضلاع سرینگر ،اننت ناگ ،بارہمولہ اور سانبا کے 96بلدیاتی وارڈوں میں رائے دہندگان نے اپنی رائے کا اظہار کیا ۔ ان حلقوں میں سے40 بلدیاتی حلقے کشمیر جبکہ باقی 56 بلدیاتی حلقے صوبہ جموں کے ضلع سانبہ میں تھے۔گذشتہ دو مرحلوں کی طرح اس مرحلے میں بھی جہاں صوبہ جموں میں پولنگ مراکز پر رائے دہندگان کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، وہیں وادی کشمیر کے اکثر پولنگ مراکز پر کوئی گہما گہمی نہیں ہے۔
چیف الیکٹورل افسر جے اینڈ کے شالین کابرا نے کہا کہ ریاست میں ہفتہ کو300 پولنگ مراکز پر تیسرے مرحلے کے میونسپل انتخابات منعقد کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ پولنگ صُبح6بجے سے لے کر شام4 بجے جاری رہی۔
سی ای او نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں8شہری بلدیاتی اداروں کے96وارڈوں میں365 اُمیدوار میدان میں ہیں اور اس مرحلے میں193990 رائے دہنددگان ووٹ ڈالنے کے حقدارتھے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹروں کی زیادہ تعداد والے پولنگ سٹیشنوں پر اضافی پولنگ عملے کو تعینات کیا گیاتھا۔
سی ای او نے کہا کہ میونسپل انتخابات کے پہلے دو مرحلوں میں پولنگ کی مجموعی شرح47.2 فیصدرہی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے مشاہدین تعینات کئے گئے تھے، علاوہ ازیںکشمیر صوبے کے222 اور جموں صوبے کے19 انتہائی حساس پولنگ مراکز پر مائیکرو ابزرور بھی تعینات کئے گئے تھے۔سی ای او نے کہا کہ ریاست بھر میں ووٹنگ کے لئے تمام پولنگ سٹیشنوں پر کم سے کم بنیادی سہولیات بہم رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹروں کو اُن کے پولنگ سٹیشنوں کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے اُن میں فوٹو ووٹر سپلس تقسیم کی گئیں۔
شالین کابرا نے کہا کہ سینئر سرکاری حکام کو جنرل ابزرور کے طور پر تعینات کیا گیا تھا تا کہ وہ منصفانہ اور احسن چناوپر نظر گذر رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ اخراجاتی مشاہدین اُمیدواروں کے اخراجات پر نگاہ رکھے ہوئے تھے۔
شالین کابر انے کہا کہ ریاست کے تمام میونسپل اداروں میں کنٹرول روم قائم کئے جاچکے ہیں تا کہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے سلسلے میں شکایات کا فوری طور سے سدباب کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں منصفانہ چناو کو یقینی بنانے کے لئے سلامتی کے خاطر خواہ انتظامات بھ عمل میں لائے گئے ہیں۔سی ای او نے کہا کہ حکومت نے چناو¿ کے روز متعلقہ میونسپل علاقوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے تا کہ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا آسانی سے استعمال کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ وضع کئے گئے رہنما خطوط کے مطابق مرکزی سرکار کے دفاتر بند نہیں ہوں گے تا ہم وہاں کے ملازمین جو ووٹ ڈالنے کے متمنی ہوں، انہیں دفتر دیر سے آنے یا انہیں وقت سے پہلے نکلنے کی چھوٹ دی جانی چاہئے۔سی ای او نے ووٹروں سے کہا کہ وہ اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مقامی خود حکمرانی کا عمل چُننے کے لئے اپنے آئینی حق کا استعمال کریں۔
ریاست کے 4اضلاع سرینگر ،اننت ناگ ،بارہمولہ اور سانبا کے 96بلدیاتی وارڈوں میں ہوئی پولنگ کے حوالے سے اعداد وشمار ظاہر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے بتایا کہ دوپہر دو بجے تک سرینگر میں پولنگ کی شرح 1.5فیصد ،اننت ناگ میں 2.7فیصد ،بارہمولہ میں 72.7فیصد اور سانبا میں 73.9فیصد درج کی گئی ۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ شام4بجے تک سرینگر میں پولنگ کی شرح 1.8فیصد ،اننت ناگ میں3.2فیصد ،بارہمولہ میں 75.3فیصد اور سانبا میں81.4فیصد درج کی گئی ۔چیف الیکٹورل افسر شالین کابرا کے مطابق شام بجے 4بجے اننت ناگ میں پولنگ کی شرح 3.2فیصد ،بارہمولہ میں 75.3فیصد ،سرینگر میں 1.8فیصد سانبہ میں 81.4فیصد پولنگ درج کی گئی ۔
صوبہ کشمیر میں تیسرے مر حلے کی پولنگ کی شرح 3.5فیصد درج کی گئی جبکہ مجموعی طور پر 3مراحل میں یہاں پولنگ کی شرح 6.7رہی ۔اعداد وشمار کے مطابق صوبہ جموں تیسرے مرحلے کی پولنگ شرح 81.4فیصد ریکارڈ کی گئی اور تین مراحل میں یہاں مجموعی طور پر 68.4فیصد پولنگ درج کی گئی ۔
ریاست جموں وکشمیر میں کل ملاکر تیسرے مرحلے کی پولنگ کی شرح 16.4فیصد رہی جبکہ مجموعی طور پر تین مراحل میں پولنگ کی شرح 41.9فیصد رہی ۔
واضح رہے کہ میونسپل انتخابات چار مرحلوں میں79 میونسپل اداروں میں منعقد کئے جارہے ہیں اور ان میں17 لاکھ رائے دہندگان اپنی حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ1145 وارڈوں کے لئے3372 نامزدگیاں داخل کی گئیں۔چار مرحلوں کے انتخابات کے لئے8,10,13 اور16 اکتوبر کی تاریخیں مقرر کی گئیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 16اکتوبر پولنگ مرکز9باچھی دروازہ مخدوم صاحب وارڈ نمبر41میں دوبارہ ووٹنگ ہوگی ۔یہاں وقت پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں نصب نہیں ہوسکی تھی ۔
Comments are closed.