بلدیاتی انتخابات کاچوتھااورآخر ی مرحلہ:96میونسپل حلقوں میں ووٹنگ نہیں

وادی کے صرف36حلقوں میں ہوگی ووٹنگ
52اُمیدواربلامقابلہ کامیاب ،44حلقوں میں کوئی کاغذات نامزدگی داخل نہیں
میونسپل کمیٹی پٹن،کھریو،پانپور،پلوامہ ،شوپیان اورڈورﺅکیلئے پولنگ کی نہیں ضرورت

سری نگر:کشمیروادی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے تین مرحلوں میں ماسوائے کپوارہ ،ہندوارہ ،سمبل اوراوڑی میں کہیں پولنگ کی شرح کافی کم ریکارڈکی گی ،اورایسے میں اب 16اکتوبرکوآخری مرحلے میں کشمیروادی کے 132میونسپل وارڈوں یاحلقوں میں ووٹنگ ہونی ہے تاہم ان میں سے صرف36حلقوں میں ہی اُمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگاکیونکہ52اُمیدواروں کوپہلے ہی بلامقابلہ کامیاب قراردیاگیاہے جبکہ44میونسپل حلقوں یاوارڈوں میں کسی بھی اُمیدوارکی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع یاداخل نہیں کرائے گئے ۔اس دوران کم سے کم 6میونسپل کمیٹیوں بشمول پٹن،کھریو،پانپور،پلوامہ ،شوپیان اورڈورﺅکیلئے پولنگ نہیں ہوگی ۔تاہم سری نگرمیونسپل کارپوریشن کے جن25میں سے24حلقوں میں منگل کوووٹ ڈال جائیں گے ،وہاں112اُمیدواروں کے درمیان کونسلربننے کامقابلہ ہوگا۔ 8اکتوبرسے شروع ہوئے4مراحل پرمحیط بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں 16اکتوبربروزمنگلوارکوکشمیروادی میں سرینگرمیونسپل کارپوریشن کے25وارڈوں کے ساتھ ساتھ شمال وجنوب6میونسپل کمیٹیوں کے تحت آنیوالے 107حلقوں کے لئے ووٹنگ ہونی ہے تاہم امیدواروں کی کمی اورمتعددامیدواروں کے بلامقابلہ کامیاب قرار دیئے جانے کی وجہ سے منگل کے روز کشمیر وادی میں صرف36میونسپل وارڈوں کے لئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ معلوم ہوا کہ بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں 132واڑوں کے لئے ووٹ ڈالے جانے تھے لیکن 44میونسپل واڑوں میں کسی بھی امیدوارکی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے جبکہ 52حلقوں میں صرف ایک ایک امیدوار کی جانب سے فارم جمع کئے جانے کے نتیجے میں ان سبھی 52امیدواروںکو بلامقابلہ کامیاب قرار دیاگیا اور اس طرح سے کل ملاکر کشمیر وادی میں 96حلقوں میں منگل کے روز چوتھے مرحلے میں ووٹ نہیں ڈالے جائیں گے۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق سرینگر میونسپل کارپوریشن کے 25واڑوں میں منگل کے روز ووٹ ڈالے جانے تھے تاہم ایک حلقے کے لئے امیدوار کوبلامقابلہ کامیاب قرار دیئے جانے کی وجہ سے صرف 24میونسپل وارڈوں میں ووٹ ڈالے جائینگے اور ان وارڈوں میں 112امیدواروں کے درمیان کونسلر بننے کا مقابلہ ہوگا۔ وسطی ضلع گاندربل کی میونسپل کمیٹی17وارڈوں پر مشتمل ہے تاہم یہاں صرف12وارڈوں میں ووٹ ڈالے جائینگے کیونکہ باقی پانچ وارڈوں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کو کامیاب قرار دیاجاچکاہے ۔ منگل کے روز شمالی اور جنوبی کشمیر کی جن چھ میونسپل کمیٹیوں کے لئے ووٹنگ ہونی ہے ، ان میں پانپور، پلوامہ ، کھریو، شوپیان ، ڈورواننت ناگ اور پٹن شامل ہے۔تاہم ان چھ میونسپل کمیٹیوں میں سے کسی کے لئے آج ووٹنگ نہیں ہونی ہے ۔ دستیاب معلومات کے مطابق پٹن میونسپل کمیٹی 13حلقوں پر مشتمل ہے اوریہاں 11حلقوں کے لئے امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب دیاگیاہے جبکہ باقی دو حلقوں کے لئے کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے ۔ میونسپل کمیٹی بھی 13وارڈوں پرمشتمل ہے لیکن یہاں کسی ایک بھی وارڈ کے لئے کوئی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے ۔ پانپور میونسپل کمیٹی17وارڈوں پر مشتمل ہے اوریہاں پانچ امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرا ردیاگیا جبکہ باقی 12وارڈوں کے لئے کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے ۔ حساس قصبہ پلوامہ کی میونسپل کمیٹی بھی 13وارڈوں پرمحیط ہے اور یہاں 11وارڈوں کے لئے کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی داخل نہیں کئے جبکہ دو حلقوں کے لئے فارم جمع کرنیوالے امیدواروںکو بلامقابلہ کامیاب قرا ر دیاگیا۔ جنوبی کشمیرکے ایک اورحساس قصبہ شوپیان کی میونسپل کمیٹی 17وارڈوں پرمشتمل ہے اوریہاں 12امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیاگیا جبکہ باقی پانچ وارڈوں کے لئے کوئی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے ۔ جنوبی ضلع اننت ناگ کی میونسپل کمیٹی ڈورو کوکرناگ کےلئے 16امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیاگیا جبکہ ایک وارڈ کے لئے کوئی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے ۔ کل ملاکر کشمیر وادی میں جن 132وارڈوں کے لئے آخری مرحلے میں منگل کو ووٹ ڈالے جانے تھے ، ان میں سے 44وارڈوں کے لئے کوئی کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جبکہ 52وارڈوں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیاگیا ۔غورطلب ہے کہ 16اکتوبرکوکشمیروادی کے جن میونسپل حلقوں میں ووٹ ڈالے جانے ہیں ،اُن میں سری نگرشہراورشمال وجنوب جن میونسپل حلقوں یاوارڈوں میں منگل کوآخری مرحلے میں پولنگ ہونے جارہی ہے ،اُن میں نیوتھید، ہارون، نشاط، برین، ڈلگیٹ، پانتھہ چوک، پالہ پورہ، تارا بل، کاﺅڈارہ، حول، علمگری بازار، گلی کدل، نوشہرہ، لالبازار، بوٹہ شاہ محلہ، عمر کالونی، جوگی لنکر، کاٹھی دروازہ، لوکٹ ڈل، بوڈ ڈل، حضرت بل، تیل بل، حبک، زکورہ، چھتر ہامہ، صورہ، بژھ پورہ، احمد نگر،پٹن ، گاندربل، پانپور، کھریو، پلوامہ، شوپیاں، ڈورو ویری ناگ بھی شامل ہیں ۔خیال رہے کہ ریاست میں 8،10اور13اکتوبر کو پہلے تین مراحل میں بلدیاتی انتخابات کے تحت ووٹ ڈالے گئے تاہم پہلے مرحلے میں کشمیر وادی میں پولنگ کی مجموعی شرح8.3فیصد، دوسرے مرحلے میں3.4فیصد اور 13اکتوبرکو ہوئے تیسرے مرحلے میں پولنگ کی شرح محض3.49فیصد ریکارڈ کی گئی ۔کشمیرنیوزنیٹ ورک

Comments are closed.