جموں ، (یو ا ین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کہا کہ ان کی جماعت ریاست میں اگلے اسمبلی انتخابات میں 87 میں سے 50 نشستیں حاصل کرکے اپنے دم پر حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا اگلا وزیر اعلیٰ بھی بی جے پی کا ہوگا۔ رویندر رینہ نے اتوار کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر ایک پریس کانفرنس میں کہا ’جب جموں وکشمیر کے اندر اسمبلی کے انتخابات ہوں گے تو بی جے پی 50 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرکے اپنی سرکار بنائے گی اور ریاست میں بی جے پی کا وزیر اعلیٰ ہوگا‘۔ یہ پوچھے جانے پر کہ وزیر اعلیٰ کشمیر یا جموں سے ہوگا، بی جے پی ریاستی صدر کا کہنا تھا ’جب بی جے پی پچاس سے زیادہ سیٹیں جیتے گی تو وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہی ہوگا۔ جہاں سے آپ چاہتے ہیں، وہیں سے ہوگا‘۔ رویندر رینہ نے کہا کہ بی جے پی نے بلدیاتی انتخابات میں وادی کشمیر میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 106 حلقے جیتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’بی جے پی کی کشمیر میں کارکردگی ہمارے لئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ جس وادی کشمیر میں ہمیں بی جے پی کا پرچم لگانے کے لئے کوئی ورکر نہیں ملتا تھا، آج بی جے پی نے وہاں 106 حلقے اپنے دم پر جیتے ہیں۔ بہت سارے امیدوار ایسے ہیں جو بی جے پی کی تائید سے جیتے ہیں‘۔ انہوں نے کہا ’وادی کشمیر میں ان انتخابات کو لیکر لوگوں کو ڈرایا گیا، دھمکایا گیا۔ بائیکاٹ کالیں دی گئیں۔ پولنگ کے دنوں پر ہڑتالیں کی گئیں۔ لیکن لوگوں نے اس کے باوجود اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا‘۔ بی جے پی ریاستی صدر نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور اس کو اس سے کوئی جدا نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا ’جموں وکشمیر بھارت دیش کا ایک اٹوٹ انگ ہے۔ جموں وکشمیر بھارت ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت جموں وکشمیر کو بھارت سے الگ نہیں کرسکتی‘۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.