جموں:: آج ریاست جموں و کشمیر ایک ایسے دور اہے پر کھڑی کردی گئی جس کے باشندوں کو بلالحاظ مذہب وملت ،زبان اور رنگ ونسل کے اس بات کا متحدہ اور متفقہ طور پر فیصلہ کرنا ہے کہ یہ ریاست اپنی سا لمیت ،تشخص اور خصوصی پوزیشن کی بقاکے لئے اُٹھ کھڑے ہو کر ریاست دشمن عناصر کے عزائم کا مقابلہ کریں گے یا اپنی غفلت ،اور بے حسی کا ثبوت دیکر آئیندہ نسلوں کے مستقبل کو تار یک بنا دیں گے ۔اس بات کا اظہار اے این سی کے سنیئر نائب صدر اور سیول سوسایٹی کشمیر کی کوارڈی نیشن کمیٹی کے ممبر مظفر شاہ نے کل جموں میں آرٹیکل 35اے کے دفاع کے حق میں جموں و کشمیر یونائیٹڈ پیس مومنٹ کے زیر اہتمام منعقد ہ بھاری اجتماع میں خصوصی دعوت پر شرکت کرکے کیا۔جس میں مشترکہ طور پر متحدہ جدوجہد کرنے کا فیصلہ لینے کے علاوہ ریاست کی سا لمیت اور دیگر سیاسی اور اقتصادی مسائل کا حل نکالنے کے لئے آئیندہ کالائحہ عمل ترتیب دینے کی قرار داد پاس کی گئی اور مظفر شاہ کو یقین دلایا گیا کہ آرٹیکل 35اے کے دفاع کی خاطر جموں کی سیول سوسایٹی کشمیر کی سیول سایٹی کے ساتھ دوش بدوش جدوجہد میں شامل حال رہ کرکسی بھی قربانی کے لئے پیش پیش رہے گی ۔
اجلاس میں جموں سیول سوسایٹی کی جانب سے آرٹیکل 35اے سے متعلق سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کے دفاع کے حوالہ سے بھی عذرداری داخل کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ کشمیر سے سیول سوسایٹی کارڑی نیشن کمیٹی کے ممبران مظفر شاہ ۔نائب مفتی ناصرالسلام ،ایڈوکیٹ میر جاوید اور سکھ کارڈی نیشن کمیٹی کے چیر مین جگموہن سنگھ رینہ نے اب تک کئی سیاسی جماعتوں کے نمایندوںسی پی آئی ایم کے محمد یوسف تارگامی ،کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ممبر طارق حمید قرہ کے ساتھ ریاست کی خصوصی پوزیشن پر تبادلہ خیال کیا ہے اور کشمیر کی کارڈی نیشن کمیٹی کے ممبران نے بہ شمول این سی صدرجناب ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگر لیڈروں کے ساتھ بھی آرٹیکل 35اے کے بارے میں ملاقات کرنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے ۔مظفر شاہ نے کل جموں میں مختلف جماعتوں اور فورموں کے ساتھ بھی ریاست کو حاصل خصوصی پوزیشن کو لاحق خطرات اور اس کا تحفظ کرنے کے لئے طویل ملاقاتیں کیں ان میں ڈوگرہ صدر سبھا کے چیر مین گل چین سنگھ چاڑک، مسٹر آئی ڈی کھجیوریہ ،جموں مسلم فرنٹ کے ظفر شجاع اور دیگر کئی ایڈوکیٹ بھی شامل ہیں ۔مظفر شاہ نے ایڈیٹر اخبار تسکین مسٹر سہیل کاظمی کے ہمراہ بھی کئی انجموں کے صدور سے تبادلہ خیال کیا۔
جموں میں ایک اور میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مظفر شاہ نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کے دفاع کو یقینی بنانے کے لئے ریاست کے تینوں خطوں کے لوگ متحدہ طور منظم جنگ لڑنے کے لئے ایک ہی پرچم تلے جمع ہونے لگے ہیں ۔مظفر شاہ نے کہا کہ لداخ ،جموں اور کشمیر میں سیول سوسایٹی کی جانب سے شروع کی گئی جدوجہد کا بنیادی مقصد ریاست کی منفرد شناخت کو زک پہنچانے والوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہے اور ریاست کی خصوصی پوزیشن کا مل جل کر مقابلہ کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔
ایک روزہ بھاری اجلاس سے (جے کے یوپی ایم)کے چیر مین شری ہمت سنگھ ۔شریف سرتاج چیر مین فری ڈم تحریک، سردار جے ایس منگل قومی نائب صدر شرومنی اکالی دل ،عبدالرشید قریشی ایڈوکیٹ پروگریسو فورم ،سردار نریندر سنگھ خالصہ صدر انٹلکچول فورم سبھا ش چندر گپتا ایڈوکیٹ ،مجید حسین شاہ ایڈوکیٹ ،کمل جیت سنگھ پونچھی ایڈوکیٹ ابرار احمد مینڈھر مسٹر سہیل کاظمی وغیرہ نے خطاب کیا۔سہیل کاظمی نے کہا کہ یہ صوبائی مسعئلہ نہیں ۔ہندو مسلم کا سوال نہیں بلکہ تینوں خطوں کی آئیندہ نسلوں کے مستقبل کا سوال ہے۔
Comments are closed.